پاکستان میں امریکہ اور بھارت دہشتگردی کرواتے ہیں، علامہ ریاض شاہ
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلی علامہ پیر سید ریاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ نیا امریکی صدر نفرتوں کو فروغ دیکر امن دشمنی کا مظاہرہ کر رہا ہے، پاکستان میں دھماکے امریکہ اور بھارت کرواتے ہیں تاکہ پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کیا جا سکے، عالمی قوتیں مذہبی جماعتوں کو اپنے مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی منصوبے بنا رہی ہیں، حکومت قانون ناموس رسالت میں تبدیلی کیلئے غیر ملکی دباؤ مسترد کر دے۔
انہوں نے کہا کہ پُرامن اہلسنّت کو انتہا پسندی کے راستے پر ڈالنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، اسلام دشمن قوتوں کو ملک کے اکثریتی اور محب وطن مکتبہ فکر کی امن پسندی وارا نہیں کھاتی، صوفیاء کے ماننے والوں کی حقیقی شناخت امن و محبت ہے۔ علامہ ریاض شاہ نے مزید کہا کہ ممبران اسمبلی سیاسی اختلاف کے آداب سیکھیں، قومی اسمبلی میں عدم برداشت کی بدترین مظاہرہ انتہائی افسوسناک ہے، پارلیمان میں تحمل اور رواداری کو فروغ دیا جائے اور اراکین اسمبلی منفی رویوں سے گریز کریں، سیاست کو اخلاقیات کے تابع کرنا ہوگا۔ سندھ اسمبلی میں خاتون سے بدتمیزی کرنیوالے وزیر کی رکنیت ختم ہونی چاہیئے تھی، سیاسی جماعتوں کے سربراہان اپنے ممبران اسمبلی کو تہذیب سکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان دین پر دنیا کو ترجیح دینے کی روش ختم کریں، یارسول اللہ کہنے والے اپنے اسلاف کے نقش قدم پر چلتے ہوئے امن و محبت کا پرچم اپنے ہاتھوں سے نہیں گرنے دیں گے۔