پاڑا چنار کی عوام بغیر تنخواہ کے فوجی ہیں اور وطن کی سرحدوں کی حفاظت کے لیے اپنی قربانیوں کی طویل داستان رکھتے ہیں
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر نے کہا ہے کہ پاڑا چنار کی عوام ایک طرف داعش اور طالبان کے ظلم کا شکار ہے جبکہ دوسری طرف حکومت نے پاڑا چنار کے محب وطن شہریوں کو اپنی حفاظت کے لیے رکھے گئے اسلحہ سے نہتا کرنا شروع کر دیا ہے۔ پاڑا چنار کی عوام کے ساتھ ظلم کی طویل داستان ہے اور اس پریشان کن صورتحال میں حکومت کو پاڑہ چنار کی عوام کا ساتھ دیتے ہوئے ان کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ضرورت تھی لیکن حکومت کی طرف سے ان کو نہتا کر کے داعش اور طالبان کو مواقع میسر کیے جانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
جامعۃ النجف کوٹلی امام حسین میں مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ رمضان توقیر نے کہا کہ پاڑا چنار کی عوام بغیر تنخواہ کے فوجی ہیں اور وطن کی سرحدوں کی حفاظت کے لیے اپنی قربانیوں کی طویل داستان رکھتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ایک طویل عرصے سے پاڑا چنار کی عوام داعش اور طالبان کے مظالم کا شکار ہو رہی ہے لیکن حکومت کی طرف سے عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے کوئی خاطر خوا اقدامات نہیں کیے گئے، الٹا حکومت کی طرف سے داعش اور طالبان کے ظلم کا شکار پاڑا چنار کی عوام کو اپنی حفاظت کے لیے رکھے ہوئے اسلحہ سے نہتا کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ شیعہ علماء کونسل پاکستان پاڑہ چنار کی صورتحال پر وفاقی حکومت سے عوام کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اپنی پالیسی پر نظر ثانی کا مطالبہ کیا۔