بحرین میں ظالم شاہی حکومت کے خلاف مظاہرے
زیرہ سترہ، النعیم اور المعامیر سمیت متعدد علاقوں میں ہونے والے مظاہروں میں شریک لوگ اپنے ہر دلعزیز رہنما آیت اللہ عیسی قاسم کی حمایت میں نعرے لگا رہے تھے۔ مظاہرین نے مصطفی ہمدان نامی نوجوان کی حمایت میں بھی نعرے لگائے جسے شاہی حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں نے گزشتہ دنوں حملہ کرکے زخمی کر دیا تھا۔
مظاہرین نے شہیدوں کے خون سے وفاداری کا اعلان کرتے ہوئے خاندانی آمریت کے خاتمے تک اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھنے کا بھی عزم ظاہر کیا۔
بحرین کی شاہی حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں نے سعودی فوجیوں کے ساتھ مل کر پرامن مظاہرین کے خلاف طاقت کا استعمال کیا اور انہیں آنسو گیس کی شیلنگ اور ربڑ کی گولیوں کا نشانہ بنایا۔
دوسری جانب بحرین کے انقلابی نوجوانوں کے اتحاد نے چودہ فروری کو عوامی انقلاب کے آغاز کی سالگرہ کے موقع پر ملک گیر مظاہروں کی اپیل کی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ بحرین میں چودہ فروری دو ہزار گیارہ سے عوامی انقلابی تحریک جاری ہے اور اس ملک کے عوام بحرین پر مسلط خاندانی آمریت کے خاتمے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔