چارسدہ: جے یو آئی (ف) کے مدرسہ سے دہشتگردوں کی گرفتاری کا معملہ، مولانا فضل الرحمان کیجانب سے لاعلمی کا اظہار
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) جمعیت علمائے اسلام(ف) کےسربراہ مولانا فضل الرحمان اپنے مدرسے سے دہشتگرد کی گرفتاری کی بات گول کر گئے۔ جے یو آئی کے سربراہ فیصل آباد میں نیوز کانفرنس کر رہے تھے، ایک صحافی نے سوال کیا کہ جے یو آئی (ف) کے مدرسے سے دہشتگرد پکڑا گیا ہے، اس حوالے سے آپ کیا کہیں گے تو مولانا فضل الرحمان نے جواب دیا کہ چھوٹے علاقوں میں کیا ہو رہا ہے مجھے اس کا علم نہیں، ہمارے مدرسے سے کسی دہشت گرد کا پکڑے جانا مقامی مسئلہ ہو سکتا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے سوال کا مفصل جواب دینے کے بجائے گفتگو کو دہشتگردی کیخلاف عالمی جنگ کی جانب لے گئے اور کہا کہ مدارس کو عالمی سازش کے تحت بدنام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی دہشت گرد کسی مدرسےسے پکڑا جائے تو میڈیا میں طوفان برپا ہو جاتا ہے اور اگر یہی دہشتگرد کسی کالج یا یونیورسٹی سے پکڑا جائے تو کوئی بات تک نہیں کرتا۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ اسلام اورمسلمانوں کیخلاف ہے، امریکہ میں ڈونلڈ ٹرمپ نے الیکشن ہی اسلام اور مسلم دشمنی کی بنیاد پر جیتا ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم نے بہت پہلے کہہ دیا تھا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ اسلام کیخلاف جنگ ہے، اور اب مغرب کی یہ پالیسی کھل کر سامنے آ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ہماری حکومت کو چاہیے کہ وہ ایسی پالیسی مرتب کرے جس میں مغرب کو واضح کیا جائے کہ دہشتگردی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔