Uncategorized

تکفیری دہشتگرد انسانیت کے دشمن سفاک قاتل ہیں، ان کیخلاف بے رحم آپریشن کیا جائے، سنی تحریک

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) سربراہ پاکستان سنی تحریک ثروت اعجاز قادری نے لاہور مال روڈ پر دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگرد ملک کے دشمن ہیں، ان سے انہی کی زبان میں نمٹنا ہوگا، ڈی آئی جی ٹریفک لاہور، ایس ایس پی سمیت وارڈن اور شہریوں کی شہادت پر ملک کے عوام غمزدہ ہیں، بزدل دہشتگردوں نے آسان ہدف کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا ہے، دہشتگردوں کا صفایا کرکے ہی مکمل امن قائم کیا جا سکتا ہے، دہشتگرد انسانیت کے دشمن سفاک قاتل ہیں، ان کیخلاف بے رحم آپریشن کیا جائے۔ مرکزی رہنماؤں محمد شاہد غوری، محمد شاداب رضا نقشبندی، صوبائی رہنماؤں زاہد حبیب قادری، ڈاکٹر عمران مصطفی، ڈاکٹر شاہد حسین، ڈویژنل صدر علامہ مجاہد عبدالرسول خان، سردار محمد طاہر ڈوگر، شیخ محمد نواز قادری نے کہا کہ ہم شہیدوں کے غم میں برابر کے شریک اور دعاگو ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں دہشتگردوں کا صفایا کرنا ہوگا، حکمران سیاست چمکانے کی بجائے عوام کی جان ومال کو محفوظ بنائیں، دہشتگردی کیخلاف شہید ہونیوالے پولیس افسران کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خفیہ اداروں کی طرف سے پیشگی اطلاع کے باوجود ہائی الرٹ نہ ہونا تشویشناک ہے۔ ثروت اعجاز قادری نے لاہور کے تنظیمی عہدیداروں کو ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کیلئے خون کے عطیات دیئے جائیں، زخمیوں کی طبی امداد کیلئے ہر ممکن کوشش کریں، دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے سے خوفزدہ ہونے والے نہیں ہیں، دہشتگردوں کا مکمل صفایا کرنے کیلئے فوری طور پر پنجاب میں دہشتگردوں کیخلاف کومبنگ آپریشن کیا جائے، پوری قوم دہشتگردی کیخلاف ایک پیج پر ہے، پاک فوج کیساتھ ملکر دہشتگردوں کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ زخمیوں کو طبی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے ایمرجنسی نافذ کی جائے، زخمیوں کو اعلیٰ طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button