عمان کےایران کے ساتھ گہرے اور قدیمی تعلقات ہیں:وزیرخارجہ عمان
عمان (مانیٹرنگ ڈیسک)عمان کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ عمان کے گہرے اور پرانے تعلقات ہیں عمان کے وزیر خارجہ یوسف بن علوی نے بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے خلیج فارس تعاون کونسل کے بعض عہدیداروں کے اس دعوے کو سختی سے مسترد کر دیا کہ عمان نے دہشت گردی کے خلاف سعودی عرب کے نام نہاد اتحاد میں شامل ہو کر ایران کو جواب دیا ہے –
یوسف بن علوی نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ عمان کے تعاون سے تہران اور مسقط کے مضبوط تعلقات متاثر نہیں ہوں گے – عمان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ایک پڑوسی کی حیثیت سے ایران کے ساتھ مسقط کے تعلقات اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد سے ہی قائم ہیں جو محبت ، دوستی اور تعاون کی بنیاد پر ہیں تاہم ان اچھے اور خوشگوار تعلقات کے ساتھ ساتھ کچھ نظریاتی اختلاف کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا-
یوسف بن علوی نے اس الزام پر کہ عمان نے ایران کی جانب سے تحریک انصاراللہ کی مدد کو نظرانداز کیا ہے ردعمل ظاہرکرتے ہوئے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ بعض افراد غلط خبریں پھیلاتے ہیں – عمان کے وزیر خارجہ نے عمان سے بغیر کسی مشکل کے ایک ہزار اور دوہزار کلومیٹر تک مار کرنے والے میزائلوں کو ٹرکوں کے ذریعے عمان سے یمن منتقل کئے جانے کی خبروں کو مضحکہ خیز اور غیر منطقی قرار دیا اور کہا کہ ان مسائل کے بارے میں خلیج فارس تعاون کونسل کے اراکین سے گفتگو کے بعد اس طرح کے الزامات پوری طرح مسترد ہیں