مشرق وسطی

انقلاب بحرین کی چھٹی سالگرہ پر شاہی حکومت کے خلاف ملک گیر مظاہرے

شاہی حکومت کی جانب سے سخت سیکورٹی انتظامات کے باوجود، بحرین کے مختلف شہروں سے خاندانی آمریت کے خلاف زبردست عوامی مظاہروں کی خـبریں موصول ہوئی ہیں۔
ہزاروں کی تعداد میں لوگ مختلف علاقوں کی سڑکوں پر آئے اور انہوں نے شاہی حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔
بحرین کی شاہی حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں نے جنہیں سعودی عرب اور دیگر غیر ملکی فوجیوں کی حمایت حاصل ہے، پرامن مظاہرین کے خلاف ربر گولیاں چلائیں، پیلٹ گن کے فائر کیے اور آنسوگیس کے گولے پھینکے جس کے نتیجے میں درجنوں افراد کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔
بنی جمرہ کے علاقے میں سیکورٹی اہلکاروں نے ایک نوجوانوں کو گاڑی سے کچل کر زخمی کردیا ہے۔
شاہی حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں نے جمعرات کی صبح دارالحکومت منامہ کے مشرقی علاقے، خلیفہ بن سلمان بندرگا کے قریب فائرنگ کر کے تین نوجوانوں کو شہید کردیا تھا۔
پیر کی رات بھی سترہ ، الدیہ ، شہرکان اور ابوقوہ نامی علاقوں میں ہزاروں افراد نے سڑکوں پر نکل کر شاہی حکومت کے خلاف مظاہرے کیے اور انقلاب بحرین کے روحانی رہنما آیت اللہ شیخ عیسی قاسم نیز سیاسی قیدیوں سے مکمل یکجہتی کا اعلان کیا۔
الدراز کے علاقے میں آیت اللہ عیسی قاسم کی رہائش گاہ کے باہر چار ماہ سے دھرنے پر بیٹھے لوگوں نے بھی نماز فجر کی ادائیگی کے بعد شاہی حکومت کے خلاف زبردست احتجاج کیا ہے۔
شمالی سھلہ، کرباآباد، بنی جمرہ، کرزکان اور وادیان سمیت دیگر علاقوں میں بھی شاہی حکومت کے خلاف مظاہروں کی خبریں موصول ہوئی ہیں جن میں شریک لوگ ملک پر مسلط سعودی عرب کی حمایت یافتہ شاہی حکومت کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔
اطلاعات ہیں بحرین کی شاہی حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں نے منگل کی صبح ابوصبیح، شاخورہ اور معامیر نامی علاقوں میں بھی آمریت کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں کو زہریلی آنسو گیس کا نشانہ بنایا ہے تاہم لوگوں بدستور سڑکوں پر مظاہرے کر رہے ہیں۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ بحرین کی شاہی حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں نے سعودی فوجیوں کے ساتھ مل کر مختلف سڑکوں اور شاہراہوں کو بند کر رکھا ہے اور مظاہرین کو مرکزی شاہراہوں پر آنے سے روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
بحرین میں فروری دوہزار گیارہ سے عوامی تحریک جاری ہے اور اس ملک کے عوام مکمل جمہوری حقوق کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ بحرین کی شاہی حکومت عوام کے جائز اور قانونی مطالبات پورے کرنے کے بجائے، سعودی عرب، متحدہ عرب امارت دیگر ملکوں کے فوجیوں کے مدد سے ، عوامی تحریک کو کچلنے کی کوشش کر رہی ہے جس کے دوران، درجنوں افراد شہید اور سیکڑوں زخمی ہوچکے ہیں۔ کئی ہزار افراد کو گرفتار کرکے جیلوں میں بند کردیا گیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button