Uncategorized

آرمی چیف کی جانب سے کالعدم تکفیری دہشتگرد تنظیموں کیخلاف جنوبی پنجاب سے بڑے آپریشن کا فیصلہ

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ گزشتہ روز 3 گھنٹے کے مختصر دورے پر لاہور پہنچے اور شہید ڈی آئی جی کے اہلخانہ سے تعزیت اور ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی جبکہ اعلیٰ سطح کے عسکری قیادت کے اجلاس میں بڑے فیصلے بھی کرگئے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ شام ساڑھے 4 بجے لاہور کے مختصر دورے پر پہنچے۔ آرمی چیف نے کور ہیڈکوارٹر فور کور میں امن و امان کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں کور کمانڈر لاہور لیفٹنٹ جنرل صادق علی نے سانحہ چئیرنگ کراس پر بریفنگ دی جبکہ آرمی چیف کو ابتدائی رپورٹ سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل اظہر نوید حیات خان، جی او سی ٹین اور الیون ڈویژنز جبکہ حساس اداروں کے سربراہان بھی موجود تھے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے اجلاس میں فیصلہ کیا کہ کالعدم تنظیموں کیخلاف جنوبی پنجاب سے بڑا آپریشن شروع کیا جائے گا جبکہ حساس ادارے آپریشن سے قبل پنجاب حکومت کو اعتماد میں لیں گے۔ آرمی چیف نے نام بدل کر کام کرنیوالی کالعدم تنظیموں کیخلاف حساس اداروں کو بھرپور کارروائی کرنے کی ہدایت بھی کی۔ اعلیٰ سطح کے اس اجلاس کے بعد آرمی چیف سخت سیکیورٹی میں شہید ڈی آئی جی ٹریفک کیپٹن (ر) سید احمد مبین کی رہائش گاہ گئے۔ آرمی چیف کے ہمراہ کور کمانڈر لاہور بھی تھے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے شہید پولیس افسر کے اہلخانہ سے تعزیت کی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سروسز ہسپتال میں سانحہ چئیرنگ کراس کے زخمیوں کی عیادت بھی کی۔ اس موقع پر روٹ سمیت ہسپتال میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ آرمی چیف 3 گھنٹے کے مختصر دورے کے بعد لاہور سے واپس راولپنڈی روانہ ہوگئے۔

 

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button