لعل شہباز قلندر کے مزار پر خودکش دھماکہ، دہشتگردوں نے ملک کو تباہی کے قریب لا کھڑا کیا ہے، علامہ ناظر عباس تقوی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) شیعہ علماء کونسل صوبہ سندھ کے صدر علامہ سید ناظر عباس تقوی اور نائب صدر و پولیٹیکل سیکرٹری محمد یعقوب شہباز کا کہنا ہے کہ سہون شریف میں لال شہبازقلندر کے مزار پر ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور اس واقعے میں شہید اور زخمی ہونے والے خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں، دہشت گردوں نے اس ملک کو تباہی کے قر یب لا کر کھڑا کر دیا ہے، ملک میں ہر طرف دہشت گردی کی فضاء چھائی ہوئی ہے اور ہماری حکومت اور ریاستی ادارے حالات کنٹرول کرنے میں ناکام نظر آتے ہیں۔
شیعہ علماء کونسل پاکستان کی جانب سے دہشت گردی کے اس واقعے کہ خلاف ملک بھر میں تین روزہ سوگ منایا جائے گا، حکومت سندھ اس واقعے میں تمام زخمی ہونے والے افراد کو جلد از جلد کراچی لانے کا انتظام کرے اور اُن کہ علاج معالجے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے، ہم حکومت سے ایک بار پھر مطالبہ کرتے ہیں کہ کالعدم دہشت گرد جماعتوں کے خلاف ملک بھر میں بھرپور آپریشن کیا جائے، ورنہ دہشت گردی کو ختم کرنا حکومت کے لئے بہت مشکل ثابت ہوگا۔