ملک بھر میں ہونیوالی دہشتگردی اور بم دھماکے حکومت اور ریاستی اداروں پر سوالیہ نشان ہیں، علامہ کرم الدین واعظی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) شیعہ علماء کونسل کراچی ڈویژن صوبہ سندھ کی جانب سے سیہون شریف پر ہونے والے خودکش دھماکے کے خلاف پاکستان بھر میں بعد نماز جمعہ پُرامن مظاہرے منعقد کئے گئے۔ کراچی میں مرکزی احتجاجی مظاہرہ خوجہ اثناء عشری مسجد کھارادر کے باہر کیا گیا، جس میں شیعہ علماء کونسل کے ذمہ داران اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مظاہرین سے خطاب میں ایس یو سی کراچی ڈویژن کے صدر علامہ کرم الدین واعظی کا کہنا تھا کہ اس ملک خداداد پاکستان میں دہشت گردوں کا راج ہے، عوام کا کوئی پُرسان حال نہیں، چار دنوں کے اندر ملک بھر میں آٹھ سے زائد دہشت گردی کے سانحات رونما ہوئے، لیکن ہماری حکومت بیان بازی کے علاوہ کچھ نہیں کر سکی، یہ بیان بازی کب تک چلتی رہے گی، ملک بھر میں ہونے والی دہشت گردی اور بم دھماکے حکومت اور ریاستی اداروں پر سوالیہ نشان ہیں، ملک میں حکومت اور قانون نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی، اگر حکمران اپنے دعوے میں سچے ہیں تو عوام کو حقائق بتانے سے کیوں گریزاں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ قوم کو بتایا جائے کہ یہ دہشت گرد پلتے کہاں ہیں، اتنے وزنی مواد اور بارود کے ساتھ کیسے دہشت گرد اندر آنے میں کامیاب ہوجاتا ہے، کون ہے جو ان کی پشت پناہی کرتا ہے، نیشنل ایکشن پلان کے ہوتے ہوئے بھی یہ پتہ نہیں چلتا کہ دہشت گرد آیا کہاں سے، سیہون شریف میں اتنی ضائع ہونی والی قیمتی جانوں کا ذمہ دار کون ہے۔ علامہ کرم الدین واعظی نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ پورے ملک میں افواج پاکستان کے ذریعے ٹارگٹڈ آپریشن کروایا جائے، دہشت گردوں کی تمام کمین گاہوں کو ختم کیا جائے، سانحہ سیہون سمیت تمام سانحات کی تحقیقات کے لئے کمیٹی تشکیل دی جائے اور حقائق سے عوام کو آگاہ کیا جائے، مزارات کو بند کرنا کوئی راہ حل نہیں بلکہ یہ حکومت کی ناکامی ہے۔