Uncategorized

آپریشن رد الفساد کی کامیابی کیلئے ریاستی اداروں کو افغانستان اور کشمیر کی پالیسیاں تبدیل کرنی ہوگی، علامہ راجہ ناصر عباس

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ ضلع جامشورو کے زیر اہتمام درگاہ شریف حضرت لعل شہباز قلندر میں تحفظ مزارات اولیاء اللہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ جنرل ضیاء الحق نے افغانستان کے راستے آنے والے دہشت گردوں کو اس ملک میں پناہ دی، جس کا نتیجہ کلاشنکوف کلچر کی شکل میں سامنے آیا، اسلام کی بنیادی تعلیمات سے عاری دہشت گرد گروہوں نے اسلام کے نام پر اس ملک میں قتل و غارت کا بازار گرم کئے رکھا، اولیاء اللہ کے مزارات کو نشانہ بنایا گیا، بانیان پاکستان کے بیٹوں کی نسل کشی کی گئی جو اب تک جاری ہے، ہم مادر وطن کے باوفا بیٹے ہیں، ارض پاک پر کسی بھی دہشت گردی کو قبول نہیں کریں گے، ہزاروں معصوم اور بے گناہ افراد کو دہشت گردی کا شکار بنایا گیا، داعش اور اس کے حامی گروہ ملک اور اس کے اطراف میں اڈے قائم کر رہے ہیں، ملک کو کمزور کرنے کی سازش کی جاری ہے، وفاقی و صوبائی حکومتیں اپنی آنکھیں کھولے اور ان دہشت گردوں کے خلاف فوری کاروائی کرے، امریکی و صہیونی ایماء پر کالعدم جماعتیں اس ملک میں ہر طبقہ فکر کے لوگوں کو نشانہ بنا رہے ہیں جو ملک کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنے کی سازش ہے، 20 کرور عوام کے خلاف لشکر تشکیل دیا جارہا ہے، 80 ہزار ملک کے با وفا بیٹوں نے قربانیاں دیں، آپریشن ضرب عضب ہو یا رد الفساد مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کے لئے سیکیورٹی اداروں کو اپنی پالیسیاں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، یہ چھوٹے چھوٹے جہادی گروہ تشکیل دیکر کشمیر آزاد نہیں کرایا جاسکتا، یہ پالیسی تبدیل کرنی ہوگی۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا مزید کہنا تھا کہ حکمران ان بحرانوں کا سامنا نہیں کر سکتے ہیں، سیہون میں عوام بنیادی ضروریات سے محروم ہیں، حکومت سیہون شریف میں ترقیاتی کام مکمل کرے، یہاں اسکول، کالج، اسپتالوں کا قیام عمل میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بلا خوف میدان میں حاضر رہنا ہے اور ایک دوسرے کی مدد کرنا ہے، ملک کے تمام مکاتب فکر یک جان ہیں اور ملک کے دفاع کیلئے اپنی جانوں کے نطرانے پیش کرنے کیلئے تیار ہیں، آپریشن رد الفساد کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہیں، لعل شہبار قلندر کے مزار پر زائرین کے اجتماعات نے دہشت گردوں کو مسترد کر دیا ہے، افواج پاکستان تمام سکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ ہیں، حکومت نیشنل ایکشن پلان کے نام پر بے گناہوں کے بجائے مجرموں کے خلاف کاروائی کرے، قائداعظم و علام اقبال کے پاکستان کی جدوجہد کرتے رہیں گے، پنجاب میں کالعدم جماعتوں کو حکمرانوں کی حمایت حاصل ہے ان کے خلاف کاروائی کی جائے، درگاہ شہباز قلندر دہشت گردی میں ملوث دہشت گردوں کو فوری گرفتار کیا جائے، واقعہ میں ملوث اصلی سہولت کاروں کو منظر عام پر لایا جائے اور عبرت ناک سزا دی جائے۔

کانفرنس سے خطاب میں علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کا خاتمہ ملک دشمن تکفیری دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو بلا تاخیر سزائیں دیئے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مٹھی بھر دہشت گرد حکمرانوں کی سرپرستی میں اپنے عزائم جاری رکھے ہوئے ہیں، لعل شہباز قلندر کے مزار پر دہشت گردی کرنے والے وہی یزیدی ہیں جنہوں نے شام، عراق، میں آل رسول علیہ السلام سمیت پاکستان میں اولیاء اللہ کے مزارات کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومت کو بخوبی علم ہے کہ کن مدارس میں یہ دہشت گرد تربیت پا رہے ہیں، ملک میں نیشنل ایکشن پلان ایک مذاق بنتا جارہا ہے، سندھ سمیت پورے ملک میں دہشت گردی کے خلاف عوام کی نگاہیں افواج پاکستان کی جانب ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپریشن رد فساد کی کامیابی کیلئے ضروری ہے کہ سب سے پہلے جد فساد کا خاتمہ کیا جائے، ملک بھر میں موجود کالعدم تکفیری جماعتیں ہی اصل میں داعش کا کردار ادا کررہی ہیں، آپریشن رد فساد کی کامیابی اس ہی صورت میں ممکن ہے کہ جب ملک بھر کالعدم جماعتوں اور ان کے سہولت کاروں کیخلاف بھرپور کارروائی کی جائے۔

رکن بلوچستان اسمبلی آغا سید رضا رضوی نے کہا کہ پاکستان میں داعش کی سرگرمیاں بڑھتی جارہی ہے، سیہون میں دہشت گردی سے عوام میں تفرقہ ڈالنے کی کوشش کی گئی، ملک میں فرقہ واریت کی کوئی گنجائش نہیں، ملک میں سب سے زیادہ ملت جعفریہ کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا، حکومت عوام کو تحفظ فراہم کرے ناکہ عوام کی مشکلات میں اضافہ کا سبب بنے، صوبائی حکومت عوام سے مخلص نہیں، سانحہ سیہون کے بعد صوبہ میں مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائے۔ کانفرنس سے خطاب میں سجادہ نشین درگاہ حضرت لعل شہباز قلندر سید ولی محمد شاہ لکھیاری نے کہا کہ ملک بھر میں سکیورٹی کے نام پر بند کئے جانے والے مزارات کو زائرین کیلئے فورا کھولا جائے، دہشت گردی کرنے والے اسلام و ملک دشمن ہیں، خون کے آخری قطرے تک ان ملک و اسلام دشمن طاقوں کے خلاف اعلان حق کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ میں ملوث دہشت گردوں اور ان کے پس پردہ قوتوں کی فوری گرفتاری عمل میں لائی جائے اور درگاہ کی سیکورٹی میں اضافہ کیا جائے، سیکورٹی کے نام پر زائرین کی مشکلات میں اصافہ نہ کیا جائے۔ کانفرنس کی نظامت کے فرائض علامہ مختار امامی نے انجام دیئے جبکہ کانفرنس میں دیگر مذہبی و سیاسی شخصیات نے خطاب کیا۔ کانفرنس میں بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button