ترکی شامی عوام کے قتل میں شریک ہے، بشار جعفری
شیعت نیوز مانیٹرنگ ڈیسک ؛یہ بات جنیوا امن مذاکرات میں شریک شامی وفد کے سربراہ، بشار جعفری نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔
ترک سفارت کار کے ساتھ ملاقات سے انکار کے بارے میں ایک صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے بشار جعفری نے کہا کہ تین ہزار تکفیری دہشت گرد، ترک سرحد سے شام میں داخل ہوئے ہیں جو ہمارے شہروں اور دیہاتوں کو تباہ اور انسانوں کو زندہ جلانے میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ترک فوج بھی شام کے اقتدار اعلی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے داخل ہوئی ہے اور اس نے ہماری سرزمین کے بڑے حصے پر قبضہ کر رکھا ہے۔
اقوام متحدہ شام کے مستقل نمائندے اور مذاکرات کار وفد کے سربراہ نے کہا کہ ترکی کے سارے اقدامات، شام کے پرامن شہریوں سے اس کی دشمنی اور عناد کی نشانی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ترکی نے تکفیری دہشت گردوں کو استنبول میں پناہ دے رکھی ہے البتہ اسے شامی عوام کے خلاف اپنی غلطی کی سزا بھی بھگتنا پڑ رہی ہے۔
شام کے نمائندہ وفد کے سربراہ نے کہا کہ ترکی میں تربیت حاصل کرنے والے دہشت گرد، اب خود اس کے بھی گلے پڑ گئے ہیں اور ترک حکام ان پر قابو پانے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔