ٹارگٹ کلنگ کے واقعات سکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، علامہ نیاز حسین نقوی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) وفاق المدارس الشیعہ پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے نائب صدر علامہ نیاز حسین نقوی نے کہا ہے کہ ڈیرہ اسمٰعیل خان میں شیعہ ٹارگٹ کلنگ روکنے میں ریاستی اداروں کی ناکامی افسوسناک ہے، رینجرز آپریشن شروع کیا جائے۔ ڈی آئی خان میں شہداء کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کالعدم دہشتگرد تنظیموں کا کارروائیاں جاری رکھنا سکیورٹی اداروں کیلئے چیلنج اور انٹیلی جینس اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے کہ ابھی تک قاتل گرفتار ہوئے اور نہ ہی دہشتگردوں کے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا جا سکا۔ ان کا کہنا تھاکہ گذشتہ 30 سال سے ملت جعفریہ پاکستان میں لاشیں اٹھا رہی ہے اور مطالبہ کررہی ہے کہ دہشتگردوں کو نکیل ڈالی جائے مگر کارروائیوں کے جاری رہنے سے اندازہ ہوتا ہے کہ اسلام اور پاکستان دشمن دہشتگرد عناصر انٹیلی جینس اداروں سے زیادہ طاقتور ہیں یا ذمہ دار اپنا کردار ادا کرنے سے قاصر ہیں۔ علامہ نیاز نقوی نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے باوجود ڈیرہ اسمٰعیل خان میں جاری دہشتگردی میں کمی نہیں آ سکی، لوگ عدم تحفظ کا شکار ہیں، اس پر حکومت اور چیف آف آرمی سٹاف کو سوچنا چاہیے کہ آخر کب تک ہم اپنے عزیزوں کی لاشیں اٹھاتے رہیں گے اور بات حکمرانوں کے بیانات سے آگے نہیں بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے سرپرستوں اور ان کے سہولت کاروں کے بارے میں ریاستی ادارے اچھی طر ح آگاہ ہیں، فوری طور پر رینجرز آپریشن شروع کیا جائے۔