چوہدری اسلم سے متعلق سنسنی خیز انکشافات نے پولیس میں موجود افسران کیلئے سوالیہ نشان چھوڑ دیا ہے، یعقوب شہباز
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) شیعہ علماء کونسل صوبہ سندھ کے نائب صدر و پولیٹیکل سیکرٹری محمد یعقوب شہباز کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی سول لائن کے ہاتھوں کورنگی مہران ٹاؤن سے گرفتار کالعدم جماعت کے دہشت گردوں کے چوہدری اسلم سے متعلق سنسنی خیز انکشافات نے پولیس میں موجود تمام افسران کے لئے ایک سوالیہ نشان چھوڑ دیا ہے، ایک ایماندار پولیس افسر جو دہشت گردوں کے خلاف برسرپیکار تھا، اُس کو پولیس محکمے کے اہلکار کی جانب سے اس طرح قتل کرنا پولیس افسران کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ ایک بیان میں یعقوب شہباز کا کہنا تھا کہ اس واقعہ سے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ پولیس میں بھی دہشت گردوں کے کچھ سہولت کار شامل ہوگئے ہیں اور وہ دہشت گردوں کی کمین گاہوں کو ختم کرنے کے بجائے پولیس میں موجود ایماندار اور فرض شناس افسران کو نشانہ بنا رہے ہیں، یہ سب واقعات ماضی میں ہونے والی سیاسی بھرتیوں کا نتیجہ ہیں، جس کے نقصان اب سامنے آنا شروع ہوچکے ہیں، لہذا حکومت سندھ اور آئی جی سندھ کو فوری اقدامات کرنے چاہیئں، ہم اے ڈی خواجہ جو ایک ایماندار افسر ہیں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ فوری اقدامات کرتے ہوئے پولیس میں موجود کالعدم دہشت گرد تنظیموں کے اہلکاروں کے خلاف بھرپور کاروائی کریں، تاکہ پولیس کے متعلق عوام میں پھیلی ہوئی تشویش کا ازالہ ہوسکے۔