سندہ میں بسنے والے ڈیڑہ کروڑ شیعہ صوبے کی پارلیمانی قوت بن سکتے ہیں، علامہ مقصود ڈومکی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مقصودعلی ڈومکی نے ضلع شکارپور کا دورہ کیا۔ کربلا معلیٰ امام بارگاہ شکارپورمیں مومنین کے اجتماع سے خطاب کیا، اور گوٹھ چانڈیو میں مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام زیرتعمیر مسجد کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصودعلی ڈومکی نے کہا کہ شکارپور سمیت سندہ بھر میں دھشت گردی کے اڈے اورٹریننگ کیمپس، خطرناک مستقبل کی نشاندہی کرتے ہیں ۔ پیپلز پارٹی سے وابستہ صوبائی حکمران عوامی مسائل سے لاتعلق ہوکر دونوں ہاتھوں سے قومی دولت لوٹنے میں مصروف ہیں۔شہداء کمیٹی سے کئے گئے وعدوں پر عمل در آمد ہوا نہ ہی سانحہ سہون شریف کے زخمیوں کا صحیح علاج معالجہ کیا جارہا ہے۔ ایک ماہ کا طویل عرصہ گذر جانے کے باوجود سانحہ سیہون کے مجرم بے نقاب ہوئے اور نہ ہی دھشت گردی میں ملوث عناصر کو نشان عبرت بنایہ گیا۔ سندہ کے بعض اضلاع میں پیپلز پارٹی کے وڈیروں کی انتقامی کاروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی طور پر کمزور قوم دشمن کی سازشوں کا مقابلہ نہیں کر سکتی ، سندہ میں بسنے والے ڈیڑہ کروڑ شیعہ صوبے کی پارلیمانی قوت بن سکتے ہیں، اس محاذ پر بھی مجلس وحدت مسلمین قوم کی رہنمائی کرے گی۔ ان شاء اللہ ، قوم کے تعاون اور کارکنوں کی جدوجہد سے ہم ، مجلس کو پارلیمانی جماعت بنائیں گے۔ آئندہ انتخابات سے قبل قوم کی نمائندہ جماعت کی حیثیت سے وسیع تر مشاورت کا عمل شروع کریں گے۔