ان مراکز و مدارس کا خاتمہ کیا جائے جہاں سے انتشار کے فتوے جاری ہوتے ہیں، علامہ حسن ظفر نقوی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا ہے کہ انتہاء پسندی اور شدت پسندی کا مقابلہ اتحاد، وحدت، رواداری اور ہم آہنگی سے کیا جائے، کیونکہ اس وقت ملک دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے جس کا خاتمہ نہایت ضروری ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے حکومت اور ریاستی اداروں سے کہا کہ ان مراکز اور ان مدارس کا قلع قمع کیا جائے جہاں سے انتشار، افراتفری اور کفر و الہاد کے فتوے جاری ہوتے ہیں اور یہ مراکز اسلامی تعلیمات کو غلط طریقے سے پیش کرکے پوری دنیا میں اسلام کو بدنام کررہے ہیں، کیونکہ اسلام امن کا دین ہے اور دیگر تمام مذاہب کے پیروکاروں اور بندگان خدا کے احترام کی بات کرتا ہے اور جو لوگ اپنی مرضی کا اسلام عوام پر تھوپنے کی کوشش کر رہے ہیں ان کا ہمیں مکمل بائیکاٹ کرنا ہوگا اور ان کی سرپرستی اور معاونت کرنے والوں کا بھی محاسبہ کرنا ہوگا۔