سی ٹی ڈی کو ریڈ بک میں شامل ملزمان کی گرفتاری کا ٹاسک مل گیا
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ایڈیشنل آئی جی فیصل آباد نے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کو ریڈ بک میں شامل جرائم پیشہ افراد کی گرفتاری کا حکم دے دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کی جانب سے سی ٹی ڈی کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ ریڈ بک میں شامل تمام جرائم پیشہ افراد کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیمیں تیار کرکے انہیں گرفتار کیا جائے۔ سی ٹی ڈی کے افسران کو یہ بھی کہا گیا ہے کہ جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائی نہ کرنے والے افسران کیخلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق فیصل آباد اور قریبی اضلاع کے بہت سے جرائم پیشہ عناصر کے نام ریڈ بک میں شامل ہیں جن کی گرفتاری پر بھاری انعام بھی مقرر ہے لیکن پولیس کی جانب سے ان کو گرفتار نہیں کیا جا رہا تھا جس کے بعد ایڈیشنل آئی جی فیصل آباد نے سی ٹی ڈی حکام کو یہ ٹاسک دے دیا ہے۔ سی ٹی ڈی حکام کو کہا گیا ہے کہ آپریشن ردالفساد کیساتھ ساتھ ریڈ بک کے ملزمان کو بھی گرفتار کیا جائے۔