مردم شماری میں حکومتی عدم توجہی سے خدشات جنم لے رہے ہیں، میثم رضا عابدی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل سید میثم رضا عابدی و دیگر رہنماوں نے کہا ہے کہ کراچی میں مردم شماری کے عمل کو انتہائی صاف و شفاف رکھا جائے تاکہ کسی طبقے کی جانب سے اسے متنازعہ قرار نہ دیا جاسکے۔ مردم شماری میں حکومتی عدم توجہی سے خدشات جنم لے رہے ہیں جس سے پاکستان کے مستقبل میں برے اثرات کا اندیشہ غالب نظر آرہا ہے، مردم شماری کو کامیاب بنانا حکومت اور سیاسی جماعتوں سمیت تمام محب وطن حلقوں کی ذمہ داری ہے، اسے متنازعہ بنا کر ملک و قوم سے خیانت نہ کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار رہنماوں نے وحدت ہاوس میں کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علامہ مبشر حسن، علامہ صادق جعفری،علامہ نشان حیدر، علامہ علی انور، علامہ اظہر نقوی، علامہ احسان دانش، تقی ظفر و دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رہنماوں نے کہا کہ مردم شماری 2017ء کی جانب سفر عدالت عظمٰی کی کاوشوں کا نتیجہ ہے جس کے سبب مردم شماری میں حکومتی عدم توجہی سے خدشات جنم لے رہے ہیں۔ اس کی واضح مثال جسے میڈیا نے بھی رپورٹ کیا ہے کہ سندھ میں مردم شماری کے فارم 2 الف کو خارج کر دیا گیا ہے جس کے باعث معذور افراد، تعلیمی رجحان، نقل مکانی کے اسباب، بے روزگاری سمیت دیگر اہم اور حساس اعداد و شمار حاصل نہیں کئے جا سکیں گے۔ اس طرح کی حکومتی غفلت اور عدم توجہی سے پاکستان کے مستقبل پر برے اثرات کا اندیشہ غالب نظر آرہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے عمل کو ہر لحاظ سے مکمل ہونا چاہیئے وگرنہ نامکمل مردم شماری نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوسکتی اور نامکمل اعداد و شمار کی وجہ سے ملکی ترقی کیلئے ایک مکمل قابل عمل منصوبہ بندی نہیں کی جا سکے گی، جس سے ایک جانب تو ملکی تعمیر و ترقی کو انتہائی نقصان پہنچے گا وہیں دوسری جانب کئی اہم اور حساس نوعیت کے امور بھی اصل روح کے مطابق انجام نہیں پا سکیں گے جس کی وجہ سے انیس سال بعد ہونے والی مردم شماری ماضی کی طرح تنازعات کا شکار ہو جائے گی۔
اجلاس میں موجود ڈویژنل رہنماوں نے کہا کہ حکومت کو ملک و قوم کے مفاد میں اس سلسلے میں مکمل ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مردم شماری کو عالمی معیار کے مطابق انجام دینا ہوگا، تاکہ مستقبل میں ان اعداد و شمار کو سامنے رکھ کر حکومت کی طرف سے ایسے منصوبے تشکیل دیئے جائیں جو ریاست کے ذمے ہیں اور جو انفرادی ضرورتوں کی تکمیل میں اہم ثابت ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری کو کامیاب بنانا حکومت اور سیاسی جماعتوں سمیت تمام محب وطن حلقوں کی ذمہ داری ہے اسے متنازعہ بنا کر ملک و قوم سے خیانت نہ کی جائے۔