فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان’’یوم ارض فلسطین‘‘ کے موقع پر ملک بھر میں مہم چلائے گی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان نے ’’یوم ارض فلسطین‘‘ کی مناسبت پر ملک بھر میں مہم چلانے کا اعلان کیا ہے۔
اس عنوان سے فلسطینی ارض مقدس کے دن کی مناسبت سے چھبیس مارچ کو اسکاؤٹس ہیڈ کوارٹر کراچی میں گلاب کے پودے لگا کر جہاں ارض فلسطین سے یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا وہیں دنیا بھر میں اور بالخصوص ارض مقدس فلسطین میں صیہونی مظالم کے خاتمے کی دعا بھی کی جائے گی جبکہ تیس مارچ کو آرٹس کونسل کراچی میں فلسطین کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں پاکستان کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں سمیت انسانی حقو ق کیلئے سرگرم عمل تنظیموں کے اراکین اور سول سوسائٹی کے نمائندے شریک ہوں گے۔
ان خیالات کا اظہار فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سرپرست کمیٹی کے اراکین بشمول سابق رکن قومی اسمبلی و رہنماء جماعت اسلامی مظفر احمد ہاشمی، پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنماء ازہر علی ہمدانی، عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماء یونس بونیری، پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اسرار عباسی، نظام مصطفیٰ پارٹی کے مرکزی رہنماء الحاج محمد رفیع، ایمیٹی انٹرنیشنل پاکستان کے صدر و ایم کیو ایم پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی محفوظ یار خان ایڈوکیٹ اور پی ایل ایف کے مرکزی سیکرٹری جنرل صابر ابو مریم نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
رہنماؤں نے کہا کہ 23 مارچ 1940ء کو صرف پاکستان کے قیام کیلئے ہی نہیں بلکہ مظلوم فلسطینیوں کے دفاع کیلئے بھی ایک قرارداد قائداعظم نے پیش کی تھی جس سے واضح ہوتا ہے کہ دفاع فلسطین ہی دفاع پاکستان ہے۔ مسئلہ فلسطین دنیائے اسلام و انسانیت کا اولین اور بنیادی مسئلہ ہے تاہم ہر طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والوں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اس مسئلہ کو فراموش نہ ہونے دیں۔
انہوں نے کہا کہ آج امریکی دباؤ میں کچھ عرب مسلمان ریاستیں غاصب اسرائیل کے ساتھ تعلقات استوار کرکے مظلوم فلسطینیوں کی س70 سالہ جدوجہد کو نابود کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
رہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ فلسطین میں اسرائیلی بربریت اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی بربریت ایک ہی سکے کے دُو رخ ہیں جس کا مقصد جہاں مسلم دنیا کو کمزور کرنا ہے وہاں ساتھ ہی ساتھ پاکستان کو بھی غیر مستحکم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور اسرائیلی و بھارتی گٹھ جوڑ میں پنپنے والی سازشوں کا ہر سطح پر منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔