قیام پاکستان کے مخالف آج پھر ملکی سلامتی کیخلاف سرگرم ہیں، مبارک موسوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) صوبائی سیکرٹیریٹ لاہور میں یوم پاکستان کی مناسبت سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ مبارک موسوی کا کہنا تھا کہ 23 مارچ ملکی تاریخ کا وہ عظیم دن ہے جس دن پوری دنیا میں ہمیں اپنی شناخت ملی، آج کا دن ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ کتنی عظیم قربانیوں اور جدوجہد کے بعد یہ مملکت خداداد پاکستان ہمیں اللہ نے عطا کی، آج پاکستان کی سالمیت و بقا کیلئے پھر سے ہمیں متحد ہوکر دشمنوں کیخلاف میدان عمل میں نکلنا ہوگا۔
علامہ مبارک موسوی کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان کے مخالف گروہ ایک دفعہ پھر سے ملکی سلامتی کیخلاف دشمن کے آلہ کار بن چکے ہیں، ہمیں اپنی ناقص پالیسیوں پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے تانے بانے امریکہ، انڈیا اور اسرائیلی ایجنسیوں سے ملتے ہیں، آج دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بھی حکمران مصلحت پسندی کا شکار ہیں۔ دہشتگردوں کے سہولت کار اور سیاسی سرپرست اب بھی آزاد ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یوم پاکستان پر ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ ملک سے دہشتگردی کرپشن اور ناانصافی کے خاتمے کیلئے ہر پاکستانی انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کرے گا تاکہ دشمن کے تمام ناپاک عزائم خاک میں مل سکیں۔