امریکہ، بھارت اور اسرائیل گٹھ جوڑ اسلام اور پاکستان کیلئے خطرہ ہے، جے یو پی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) جے یوپی کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے جے یو پی لاہور کے زیر اہتمام ہمدرد ہال میں منعقدہ استحکام پاکستان ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ، بھارت اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ اسلام اور پاکستان کیلئے خطرہ بن چکا ہے۔
جمعیت علماء پاکستان کے سیکرٹری جنرل صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا کہ جمعیت علماء پاکستان آئندہ الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی، اسلام اور پاکستان سے محبت کرنیوالوں کو متحد کریں گے، جے یو پی مذہبی جماعتوں کے انتخابی اتحاد کیلئے کوششیں تیز کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن ردّالفساد روشن مستقبل کی نوید ہے، گستاخ بلاگرز کو انٹرپول کے ذریعے ملک میں واپس لاکر عبرت کا نشان بنایا جائے، آپریشن ردّالکرپشن بھی شروع ہونا چاہیئے، نظام مصطفی ہی ملک کو بحرانوں اور قوم کو مایوسی سے نکال سکتا ہے۔
کنونشن کی صدارت جے یو پی کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کی جبکہ مقررین میں جے یو پی پنجاب کے صدر نور احمد سیال، جے یو پی پنجاب کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر جاوید اختر، جے یو پی لاہور کے صدر بشیر احمد نظامی، انجمن طلباء اسلام کے سیکرٹری جنرل عثمان محی الدین، جے یو پی کے سینئر صوبائی صدر مفتی ارشاد حقانی اور دیگر شامل تھے۔
صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے مزید کہا کہ استحکام پاکستان کیلئے دہشتگردی اور انتہا پسندی کا خاتمہ ضروری ہے، پاکستانیت کا شعور اپنانا اور پھیلانا ہوگا، صوفیاء کے ماننے والوں کی صف بندی کرکے جے یو پی کو بڑی سیاسی قوت بنائیں گے، نظام مصطفی کی حامی محبت وطن قوتوں کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد پھیلانے والے دنیا کے سب سے بڑے دہشتگرد اور انتہا پسند ہیں، لبرل اور سیکولر فاشسٹ اسلام دشمنی سے باز آ جائیں، مسلم حکمران امریکہ کے پٹھو کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
جے یو پی پنجاب کے صدر نور احمد سیال نے کہا کہ نظریہ پاکستان کیخلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، بھارت خطے میں دہشتگردی کا سب سے بڑا ایکسپوٹر ہے، پاکستان میں ہونیوالی دہشتگردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، آپریشن ردّالفساد کو پوری قوم کی تائید و حمایت حاصل ہے۔