تفتان بارڈر پر زائرین سے بدسلوکی جاری رہی تو حکمران بھی سفر نہیں کر سکیں گے، علامہ مظہر علوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر اور شعبہ حج و زیارات کے انچارج علامہ مظہر عباس علوی نے تفتان بارڈر پر زائرین کے سات دن سے روکے جانے کی مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ حکومت عوام کے بنیادی حقوق پورے کرنے میں سستی کا مظاہرہ نہ کرے۔ زائرین کو روکا گیا تو حکمران بھی سفر نہیں کرسکیں گے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت تسلسل کے ساتھ زائرین کو تنگ کرنے کے منفی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے جسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔ سفری دستاویزات رکھنے والے زائرین کو ایران داخلے سے روکنا، عملی طور پر قید کر دینا اور زیارات سے واپس آنے والوں کو کوئٹہ جانے سے روکنا قابل مذمت فعل ہے۔
علامہ مظہر علوی نے کہا کہ پاکستانی شہری ہونے کے ناطے کسی بھی علاقے کا کوئی بھی شخص سفری دستاویزات کے ساتھ کسی بھی ملک جا سکتا ہے تو ایران سے جانے سے کیوں روکا جاتا ہے۔ جو لوگ نجف اشرف، کربلا معلی اور مشہد مقدس جانے کے لئے بارڈر پر روکے گئے ہیں انہیں فی الفور اپنی منزل کی طرف جانے کی اجازت دی جائے اور واپس آنے والوں کے لئے کانوائے تشکیل دے کر اپنے گھروں کو واپس جانے دیا جائے۔