پاکستانی شیعہ خبریں

پارہ چنار دھماکہ کے ذمہ دار ریاستی ادارے ہیں، ہمیں کسی دوسرے اقدام پر مجبور نہ کیا جائے، علامہ عابد الحسینی

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ایک نجی خبر رساں ادارہ کو انٹرویو دیتے ہوئے علامہ عابد الحسینی کا کہنا تھا کہ میں پارہ چنار کے ان عظیم شہداء کے خانوادوں کو تعزیت پیش کرتا ہوں، آج ایک بار پھر پارہ چنار کے عوام پر بزدل اور پست دشمن نے چھپ کر وار کیا ہے، جس ملک میں بے غیرت حکمران ہوں اور جس ملک کا سابق فوجی سربراہ ایک ایسے ملک کی جانب سے تشکیل دیئے جانے والے فوجی اتحاد کی سربراہی کیلئے جا رہا ہو کہ جو مسلم ممالک میں دہشتگردی پھیلا رہا ہو، وہاں یہی سب کچھ ہوتا ہے۔

علامہ عابد الحسینی نے اداروں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہمارے ادارے ناکام ہوچکے ہیں۔ یہ کیسے ممکن ہے کہ آپ دہشتگردوں کو ختم کرنے کا ارادہ کریں اور ایک مضبوط فوج کی موجودگی میں آپ دہشتگردوں کا کچھ نہ بگاڑ سکیں۔ ہمیں ان حکمرانوں سے کوئی امید نہیں ہے۔

ایف سی کی ظالمانہ کاروائی میں مظلوم نہتے عوام پر گولیاں چلانے کے معاملے پر علامہ عابد الحسینی کا کہنا تھا کہ یہاں جنگل کا قانون ہے، اگر یہی صورتحال رہی تو جوانوں کو کنٹرول کرنا مشکل ہو جائے گا، ان ظالموں نے آج ایک بار پھر زخموں سے چور نہتے لوگوں پر گولیاں چلائی ہیں جس کے نتیجے میں ہمارے 2 افراد شہید اور 9 زخمی ہوئے ہیں۔ میں حکومت کو متنبہ کرتا ہوں کہ ہمیں مجبور نہ کیا جائے کہ ہم کوئی اور راستہ اختیار کریں۔

علامہ عابد الحسینی نے پارہ چنار دھماکہ کی ذمہ داری ریاستی اداروں پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ آج ہونے والے دھماکے کے ذمہ دار ریاستی ادارے ہیں، ہمارے ادارے پاراچنار کی سخت سکیورٹی کے دعوے دار ہیں، اگر سکیورٹی سخت ہے تو بارود سے بھری گاڑی شہر کے انتہائی اہم مقام اور اہم موقع پر کیسے پہنچ گئی، جب ریاست کی جانب انگلیاں اٹھیں تو عوام تحفظ کس سے مانگیں گے۔ جب ریاستیں عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہو جاتی ہیں تو عوام اپنا دفاع کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔

انہوں نے پارہ چنار کےعوام کی جانب سے مطالبہ کیا کہ ایف سی کمانڈنٹ کرنل عمر ایک ظالم انسان ہے اس کو اس اہم عہدے سے فوری طور پر ہٹایا جائے، ان کی گولیاں دہشتگردوں کیلئے نہیں بلکہ نہتے اور مظلوم عوام کیلئے ہیں، کرنل عمر کے ساتھ اے پی اے اور پی اے کو فوری طور پر معطل کیا جائے، اس کے علاوہ اس سانحہ، سبزی منڈی دھماکے سمیت تمام دہشتگردی کے واقعات میں ملوث دہشتگردوں اور ان کے سرپرستوں کو بے نقاب کر کے سرعام پھانسی دی جائے اور ہر سکیورٹی چیک پوسٹ پر ہمارے اپنے قومی جوانوں کو بھی تعینات کیا جائے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button