شامی فوج پر امریکی حملے کے بعد داعش کا حملہ
شام میں فوجی ائیر بیس پر امریکی میزائل حملوں کے ساتھ ساتھ داعشی دہشت گردوں نے بھی حملوں کا آغاز کردیا ہے۔
داعشی دہشت گردوں نے حمص اور تدمر کے درمیان شاہراہ پر مارٹر گولوں سے شامی فوج پر حملہ کیا ہے۔
شامی فوج کے کمانڈر کا کہنا ہے کہ اس قسم کے حملوں سے لگتا ہے کہ امریکہ اور دہشت گرد ٹولے داعش کے درمیان باقاعدہ طور پر تعاون جاری ہے۔
شامی فوج کے کمانڈر کا کہنا ہے کہ تکفیری دہشت گردوں نے فوج کے ایک چیک پوسٹ پر حملہ کرکے قبضہ کرنے کی ناکام کوشش کی تاہم شامی فوج کی جوابی کارروائی میں متعدد دہشت گرد ہلاک یا زخمی ہوگئے۔
شامی فوج کے ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپیں 3 گھنٹے تک جاری رہیں۔
رپورٹ کے مطابق جنوب مشرقی تدمر میں شامی فوج اور دہشت گردوں کے درمیان اب بھی جھڑپیں جاری ہیں اور فوج نے کئی علاقوں میں پیش قدمی کی ہے۔
یاد رہے آج علی الصبح امریکی فوج نے شامی ائیر بیس پر 59 کروز میزائل داغے جس کی وجہ سے کافی جانی اور مالی نقصان ہوا ہے۔