داعشی کیمیائی مواد کے ڈپو میں دھماکہ، درجنوں شامی شہری جاں بحق
شامی فوج کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ دیرالزور کے علاقے میں داعش کے زہریلی گیس کے اس ڈپو میں یہ دھماکے بدھ کے روز امریکی اتحاد کے فضائی حملے کے نتیجے میں ہوئے ہیں۔
کہا جارہا ہے کہ دہشت گردوں کی حمایت کرنے والے امریکی اتحاد کے طیاروں نے غلطی سے داعشی دہشت گردوں کے کیمیائی مواد کے ذخیرے کو نشانہ بنایا ہے۔ دھماکے کے بعد علاقے میں آگ لگ گئی اور زہریلی گیس کے بادل رات دیر گئے تک فضا پر چھائے رہے۔
اس سانحے میں درجنوں عام شہری مارے گئے ہیں جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
شامی فوج کے بیان کے مطابق، اس واقعے سے ثابت ہوتا ہے کہ دہشت گرد گروہ داعش، جبت النصرہ اور القاعدہ کے پاس وافر مقدار میں کیمیائی ہتھیار موجود ہیں۔
شامی فوج کے جاری کردہ بیان میں یہ بات زور دے کر کہی گئی ہے کہ اس کے پاس کسی بھی قسم کے کیمیائی ہتھیار نہیں ہیں اور نہ ہی اس نے ایسے ہتھیار استعمال کیے ہیں۔
شامی فوج نے خبر دار کیا ہے کہ دہشت گردوں کی جانب سے ایک بار پھر عام شہریوں کے خلاف کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔