زائرین کی مشکلات حکمرانوں کی پیدا کردہ ہیں، علامہ مقصود ڈومکی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ زائرین کی مشکلات حکمرانوں کی پیدا کردہ ہیں، جس کا مقصد امریکہ اور آل سعود کو خوش رکھنا ہے۔ زائرین کے لئے جان بوجھ کر مشکلات کھڑی کی گئی ہیں، کئی کئی روز تک مرد، خواتین، بزرگ اور بچوں کو بارڈر پر روکا جاتا ہے،
ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ محکمہ حج و اوقاف کا شعبہ زائرین، زائرین کے مسائل سے لاتعلق اور غیر فعال ہے۔ آخر کس قانون کے تحت بلوچستان بارڈر پر زائرین کو روک کر این او سی طلب کیا جاتا ہے اور زائرین کو بارڈر پر محصور رکھا جاتا ہے۔؟ نواز لیگ کی وفاقی اور صوبائی حکومت زائرین کے مسائل فی الفور حل کرے۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ سہون شریف کے متاثرین کو انصاف فراہم نہیں کیا گیا، سانحے کو دو ماہ گذر گئے نہ وارثان شہداء کو امدادی رقم ملی اور نہ ہی زخمیوں کو امداد دی گئی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سانحے کے زخمی علاج کے لئے دربدر ہیں، سندھ گورنمنٹ کی نااہلی کے سبب سندھ میں دہشت گردی کی وارداتیں روز کا معمول بن گئی ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین پہلے دن سے سانحہ سہون شریف کے متاثرین کے ساتھ ہے، آئندہ بھی ہر محاذ پر متاثرین کے حق میں آواز بلند کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری دہشت گردی کے خلاف اور زائرین کرام کے مسائل کے حل کے لئے جمعہ 28 اپریل کو یوم احتجاج منائیں گے۔