پنجاب میں ملت جعفریہ کو انتقامی کارروائیوں کا سامنا ہے، حسن کاظمی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری سیاسیات سید حسن کاظمی نے صوبائی سیکرٹریٹ لاہور میں مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کا سپریم کورٹ فیصلے کے بعد اقتدار پر رہنے کا کوئی اخلاقی جواز باقی نہیں رہا، (ن) لیگی حکومت نے 4 سالوں میں ملک کا دیوالیہ کیا، عوام مہنگائی اور لوڈشیڈنگ سے تنگ آ چکے ہیں، دہشتگردوں کے ہمدرد اب بھی (ن) لیگ کی صفوں میں موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم لاہور ہائیکورٹ بار کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں کہ جس میں وزیر اعظم کو فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا گیا، ملک کو ایسے کرپٹ سیاستدانوں سے نجات دلانے کیلئے وکلاء، سول سوسائٹی اور محب وطن جماعتوں کو میدان میں نکلنا ہوگا، ہم مظلوموں کو ساتھ ملا کر ملک دشمن کرپٹ حکمرانوں کا پیچھا کرتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ملت جعفریہ کو انتقامی کارروائیوں کا سامنا ہے، لیکن ہم ان شاء اللہ ان ظالموں کے اوچھے ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہونگے اور اس کا بدلہ آنیوالے الیکشن میں ووٹ کی طاقت سے لے کر ان ملک دشمنوں کو رسوا کریں گے۔