کرم ایجنسی میں منظم سازش کے تحت محب وطن آبادیوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، علامہ ساجد نقوی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کرم ایجنسی کے علاقہ گودر میں مسافر کوچ کو ریمورٹ کنٹرول بم دھماکے میں خواتین اور بچوں سمیت 10 افراد سے زائد جانی ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرم ایجنسی میں ایک تسلسل اور منصوبہ بندی کے تحت محب وطن شہریوں اور آبادیوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، اس علاقہ کو دہشتگردوں کے رحم و کرم پر چھوڑا ہوا ہے، جس کے باعث وقفے وقفے سے کرم ایجنسی میں دہشتگردی کے واقعات رونما ہو رہے ہیں۔ شیعہ علماء کونسل پنجاب کے صدر علامہ سبطین حیدر سبزواری سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ ساجد نقوی کا کہنا تھا کہ ملک میں جاری آپریشن ضرب عضب و ردّالفساد کے بعد بھی کرم ایجنسی میں دہشتگردی کے پے در پے واقعات کا رونما ہونا افسوسناک اور ریاستی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ قانون نافذ کرنیوالے ریاستی اداروں کو پہلے اپنے ملک سے دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کیلئے عملی طور پر ٹھوس اقدامات اُٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں امن و سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے شدت پسندی کا خاتمہ نہایت ضروری ہے اور ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائے۔ علامہ ساجد نقوی نے شہداء کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے شہداء کی بلندی درجات اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔