کراچی، آئی ایس او کے زیر اہتمام وفاقی اردو یونیورسٹی میں یومِ مصطفیٰ (ص) کا انعقاد
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) رسول اللہ (ص) کی ذات تمام مسلمانوں کیلئے مشعلِ راہ ہے، رسول اللہ (ص) کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر انسان اپنی اصل منزلت تک رسائی ممکن بنا سکتا ہے، طلباء و طالبات رسول اللہ (ص) کی تعلیمات پر غور و فکر کریں اور اپنی تحقیقی صلاحیتوں میں بہتری لائیں، ان خیالات کا اظہار مقررین نے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن جامعہ اردو یونٹ و دفتر مشیر امور طلبہ کی جانب سے وفاقی اردو یونیورسٹی (گلشن اقبال) عبدالقدیر خان آڈیٹوریم میں منعقدہ یومِ مصطفیٰ (ص) کی پُرنور محفل سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یوم مصطفیٰ (ص) کی تقریب سے علامہ غلام عباس رئیسی، علامہ مرزا یوسف حسین، علامہ انتظار الحق تھانوی، علامہ عقیل انجم قادری، علامہ صادق رضا تقوی، علامہ فیصل عزیزی بندگی، علامہ منظر الحق تھانوی، ڈاکٹر عزیر محمود الازہری، ڈاکٹر زاہد علی زاہدی سمیت مختلف مکاتب فکر کے علماءکرام نے شرکت کی، جبکہ شجاع رضوی، علی دیپ رضوی سمیت شہر کے مشہور و معروف منقبت خواں و نعت خواں نے نزرانہ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر اہل تشیع و اہلسنت علمائے کرام اور طلباء نے نماز باجماعت علامہ انتظار الحق تھانوی کی اقتداء میں ادا کی۔
مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج اس یوم مصطفیٰ (ص) کے انعقاد سے یہ بات واضع ہوتی ہے کہ نوجوان نسل اسلام اور عشق رسولؐ سے لبریز ہے، ایک طرف دنیا بھر میں مسلمانوں پر اقتصادی اور ثقافتی یلغار ہے اور نوجوان نسل کو دین و اسلام سے دور کرنے کی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے، امریکا و اسرائیل اپنی بھرپور کوشش کر رہے ہیں کہ نوجوان اسلام سے دور ہو جائے، مگر دشمن اس بات سے لاعلم ہے کہ ہمارے نوجوان اسلام سے مربوط ہیں اور اسلام کی سربلندی کیلئے کوشاں ہیں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ملک بھر بالخصوص تعلیمی اداروں کو اسلام و ملک دشمن عناصر نے اپنے نشانہ پر رکھا ہوا ہے، کبھی ہمارے تعلیمی اداروں میں غیر اسلامی اور غیر ملکی یوم منائے جاتے ہیں، مگر آج اس یوم مصطفیٰ (ص) سے ان تمام عناصر کا منہ کالا ہوگیا ہے، طلباء کی اس بڑی تعداد کا یہاں موجود ہونا، اس بات کی دلیل ہے کہ مسلمان کل بھی عشق رسولؐ سے لبریز تھے اور آج بھی ہیں، ان کا جینا مرنا سب اسلام اور نبی پاکؐ کیلئے ہے۔