بھارت سی پیک کو ناکام بنانے کیلئے پاکستان میں دہشتگردی کرانے میں ملوث ہے، یعقوب شہباز
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علماء کونسل سندھ کے نائب صدر و پولیٹیکل سیکرٹری محمد یعقوب شہباز کا کہنا ہے کہ سی پیک پاکستان کی خوشحالی اور ترقی و خودمختاری کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا، آئندہ آنے والا وقت پاکستان کے مستقبل کیلئے بہت کارآمد ثابت ہوگا، اس عظیم منصوبے سے بلوچستان اور گلگت بلتستان کی محرومیاں بھی ختم ہو جائینگی، حکومت گلگت بلتستان اور بلوچستان جو اس میگا پروجیکٹ کے شہہ رگ ہیں، ان کو بھی اتنی اہمیت دے جتنی دیگر صوبوں کو دے رہی ہے، لیکن چند مٹھی بھر عناصر اور دہشتگرد ملکی ترقی اور خوشحالی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کر رہے ہیں، جن کو لگام دینا اب حکومت کی اولین ذمہ داری بنتی ہیں، بھارت بھی سی پیک کو ناکام بنانے کیلئے ملک بھر میں دہشتگردی اور انتہاپسندی کرانے میں ملوث ہے۔
اپنے بیان میں یعقوب شہباز نے مزید کہا کہ کراچی کے مختلف علاقے جن میں ملیر، شاہ فیصل کالونی، لانڈھی، گورنگی و دیگر شامل ہیں، ان علاقوں میں جاری غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے، اگر گرمیوں کے اس موسم میں بھی یہی صورتحال رہی، تو عوام کا اعتماد حکمرانوں سے بھی ختم ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو چاہیئے کہ جو وعدے الیکشن سے پہلے عوام سے کئے تھے، اُن کو پورا کریں، ہم حکومت سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کے الیکٹرک کے ادارے کے خلاف بھرپور کاروائی عمل میں لائے۔