Uncategorized

بیگناہ محب وطن شیعہ علمائے کرام و شخصیات کو عرب بادشاہتوں کی ایماء پر ماورائے عدالت اغواء کیا جا چکا ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی سالمیت و بقاء ہمیں اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز ہے، جو قوتیں پاکستان کو کمزور کرنا چاہتی ہیں، انہیں بہت جلد اپنے انجام سے دوچار ہونا پڑے گا، وطن عزیز کو کرپشن اور بدحالی سے نجات دلانے کے لئے مختلف سیاسی و مذہبی قوتوں کے ساتھ مل کر بھرپور جدوجہد کی جائے گی۔ کیتھولک کلب میں منعقدہ پریس کانفرنس ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علامہ احمد اقبال رضوی، علامہ عقیل موسٰی، علامہ مرزا یوسف حسین، علامہ اظہر نقوی، علامہ علی انور جعفری، علی حسین نقوی، علامہ مبشر حسن، علامہ صادق جعفری، علامہ نشان حیدر اور آصفوی صفوی سمیت دیگر موجود تھے۔ اپنے خطاب میجن علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ بددیانت حکمرانوں نے وطن عزیز کو بے دردی سے لوٹا ہے، جب تک ان خیانت کاروں سے نجات حاصل نہیں ہوتی، تب تک قوم اضطراب، بے یقینی اور معاشی بدحالی کا شکار رہے گی، پاکستان میں امریکی اور عرب حکمرانوں کی مداخلت نے ہمارے امن و امان کو سخت نقصان پہنچایا ہے، نواز حکومت نے عوامی خواہش کے برعکس اور پارلیمنٹ کو اعتماد میں لئے بغیر صرف اور صرف امریکہ و عرب بادشاہتوں کی خوشنودی حاصل کرنے کیلئے راحیل شریف کو متنازعہ ترین فرقہ وارانہ فوجی اتحاد میں شمولیت کیلئے بھیج دیا، جبکہ واضح ہے کہ فوجی اتحاد میں شمولیت اور راحیل شریف کو این او سی دینے کے اس فیصلے پر پاکستانی قوم اور پارلیمنٹ کو شدید تحفظات تھے اور وہ بھی ایک ایسے حساس ترین وقت میں جب وطن عزیز پاکستان دہشت گردی کی آگ میں جل رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک و قوم پہلے ہی آمر ضیاء کی بدترین پالیسیوں کا خمیازہ بھگت رہے ہیں، ماضی کی فاش غلطیوں سے سبق سیکھنے کی بجائے امریکہ نواز حکمران مزید ایسی غلطیوں کے مرتکب ہو رہے ہیں، جس سے وطن عزیز دہشت گردی و عدم استحکام کی ایسی دلدل میں پھنس جائے گا، جس سے نکلنا شاید ممکن نہ ہوسکے، نواز حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصروف پاک افواج کو ایک بار پھر امریکی ایماء پر تیزی سے زوال پذیر عرب بادشاہتوں کی بقاء کی ناکام جنگ میں دھکیلنا چاہتی ہے، امید ہے کہ ہماری پاک افواج کرپٹ نواز حکومت کے ان ناپاک عزائم کا شکار نہیں ہونگی اور اپنی تمام تر توجہ پاکستان کو دہشت گردی کے بحران سے نکالنے پر مرکوز رکھیں گی، ساتھ ہی ساتھ دہشت گردوں کے علمی، نظریاتی اور صحافتی سہولت کاروں کو بھی آپریشن ردالفساد کے تحت قانون کے شکنجے میں جکڑیں گی۔

علامہ ناصر عباس کا مزید کہنا تھا کہ آج ملک بھر میں سینکڑوں کی تعداد میں بے گناہ محب وطن شیعہ علمائے کرام و شخصیات کو امریکہ اور اس کی غلام عرب بادشاہتوں کی ایماء اور مداخلت کے باعث ماورائے عدالت اغواء کیا جا چکا ہے، اگر جلد بازیابی عمل میں نہیں لائی گئی تو پانچ کروڑ شیعہ مسلمان سڑکوں پر نکل کر ظالم جابر حکمرنوں کا اقتدار بہا لے جائیں گے، محب وطن ملت تشیع تمام تر ظلم و ستم سہنے اور ہزاروں قیمتی ترین شہداء دینے کے باوجود پاکستان کو امریکہ اور اس کی ہمنوا عرب بادشاہتوں کے چنگل سے نکالنے تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی، ماضی کی طرح آج بھی امریکہ، اسرائیل، بھارت اور عرب بادشاہتوں کی ناپاک سازشوں کو ناکام بناتے رہیں گے، آل سعود اپنے اقتدار کو بچانے کے لئے یہود و نصاریٰ سے مدد مانگ رہے ہیں، اسرائیل اور امریکہ مسلمانوں کے ازلی دشمن ہیں، ان کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھانا عالم اسلام کے مفادات کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے، اس وقت امت مسلمہ اور وطن عزیز دونوں ہی استعماری طاقتوں کے نشانے پر ہیں، دین اسلام کی بنیادی تعلیمات کو انتہاء پسند قوتوں اور کالعدم مذہبی جماعتوں کے ذریعے مسخ کرکے پیش کیا جا رہا ہے، تاکہ اسلام کے روشن چہرے کو بدنما ظاہر کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلام دشمن قوتیں امت مسلمہ کو اسلام کی بنیادی تعلیمات سے منحرف کرنے کے لئے عقیدے پر ضرب لگانا چاہتی ہیں، امام مہدی علیہ السلام کی ذات مقدسہ پر مسلمانوں کے تمام مسالک کا اجماع اور مکمل ایمان ہے، قرب قیامت کی علامات میں امام مہدی علیہ السلام کا ظہور مستند کتابوں میں مذکور ہے، امام برحق کے خلاف بات کرنا احادیث نبوی ﷺ کو صریحاََ جھٹلانے کے مترادف ہے، جو توہین رسالت ہے، سعودی وزیر دفاع محمد بن سلمان نے امام مہدی علیہ السلام سے جنگ کرنے کا ارادہ ظاہر کرکے گناہ کبیرہ کا ارتکاب کیا ہے۔ انہوں نے 21 مئی کو نشتر پارک کراچی میں استحکام پاکستان و امام مہدی ؑ کانفرنس کے انعقاد کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس مختلف مذہبی جماعتوں کا عظیم الشان اجتماع ہوگا اور پاکستان کے استحکام کے لئے مشترکہ لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے افغانستان کی جانب سے چمن بارڈ پر حملہ سمیت مردان یونیورسٹی میں مشعل خان کے قتل کی شدید مذمت کی۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے صحافیوں کے اعزاز میں دیئے جانے والے عصرانے میں ان کی آمد پر شکریہ ادا کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button