کراچی، برسی امام خمینی کا پروگرام
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن، مجلس ذاکرین امامیہ، ناصران امام فاؤنڈیشن، امامیہ آرگنائزیشن پاکستان اور ہیئت آئمہ مساجد و علماء امامیہ پاکستان کی جانب سے رہبر انقلاب اسلامی امام خمینی ؒ کی 28 ویں برسی کے حوالے سے پروگرام کا انعقاد بھوجانی ہال سولجز بازار میں کیا گیا، جس سے علامہ نثار قلندری، مولانا احمد اقبال رضوی، مولانا اصغر شہیدی، مولانا شیخ حسن صلاح الدین، مولانا عابد رضا عرفانی سمیت دیگر علماء کرام نے خطاب کیا جبکہ اس موقع پر عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب میں رہنماؤں نے کہا کہ استکباری قوتیں دنیائے اسلام میں فتنہ اور منافرت کی آگ بھڑکانے میں مصروف ہیں، داعش، القاعدہ اور النصرہ جیسی خونخوار دہشت گرد جماعتیں صرف اور صرف اسلام کی شبیہ بگاڑنے کیلئے قائم کی گئی ہے، جس سے مقابلہ کرنے اور شکست دینے کا واحد راستہ وحدت و اخوت اسلامی ہے۔ مقررین نے امام خمینیؒ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کی کامیابی کی کلید اسلامی فکر و کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم نے ایک مرد حق اور مومن کامل حضرت امام خمینیؒ کی قیادت میں اسلامی فکر اور اساس کو اپنا کر انقلاب اسلامی برپا کیا، جس انقلاب نے نہ صرف ایران بلکہ پورے عالم اسلام کو جنجھوڑ کر رکھ دیا۔