مشرق وسطی
بحرین میں آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی حمایت میں مظاہروں کی اپیل
علمائے بحرین نے بحرینی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ وسیع پیمانے پر مظاہرے کرکے بحرین کی آل خلیفہ حکومت کے خلاف اور اسی طرح نامور عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی حمایت میں اٹھنے والی آواز کو دنیا والوں تک پہنچائیں۔علمائے بحرین کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسی حالت میں کہ جب بحرین کے مظلوم عوام اور آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے خلاف آل خلیفہ حکومت کے ظالمانہ اقدامات جاری ہیں، بحرینی عوام کی جدوجہد بدستور جاری رہے گی۔واضح رہے کہ آل خلیفہ حکومت نے تیئیس مئی کو الدراز کے علاقے میں آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی رہائشگاہ اور ان کے مکان کے اطراف میں پرامن دھرنے پر بیٹھے بحرینی عوام پر وحشیانہ حملہ کر دیا تھا جس میں چھے بحرینی شہری شہید اور دو سو سے زائد دیگر زخمی ہو گئے تھے جبکہ تین سو کے قریب بحرینی شہریوں کو گرفتار کر لیا گیا تھا