لاہور، آئی ایس او کی جانب سے سابقین کے اعزاز میں افطار ڈنر
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے زیراہتمام لاہور میں سابقین آئی ایس او کے اعزاز میں ولادت امام حسن (ع) کے موقع پر افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں سابق مرکزی صدور سمیت درجنوں سابق کارکنان و عہدیدران نے شرکت کی۔ مرکزی صدر سرفراز نقوی نے تقریب کے شرکاء سے خصوصی خطاب میں کہا کہ سابقین آئی ایس او ملک و ملت کا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کی فعالیت سے تنظیم کے اندر ایک تحرک پیدا ہوگا اور آئی ایس او کی ممبر سازی میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جس قوم کے پاس نظریاتی، فکری اور دین اسلام کی تعلیمات پر تربیت یافتہ افراد موجود ہوں دنیا کی کوئی بھی طاقت ان کو شکست نہیں دے سکتی، ہم سب کو یک جاں ہو کر وطن عزیز پاکستان کی سالمیت اور آئی ایس او کی فعالیت کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہئے۔ سابق مرکزی صدر عادل بنگش اور سابق مرکزی صدر سرفراز حسینی نے ادارہ جات کی کارکردگی اور تنظیم کی ملی خدمات پر مفصل گفتگو کی۔ شرکاء سے چئیرمین امامیہ آرگنائزیشن نے بھی خطاب کیا۔