سندھ حکومت عوامی مسائل کو حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، یعقوب شہباز
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علماء کونسل سندھ کے نائب صدر و پولیٹیکل سیکرٹری محمد یعقوب شہباز کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت صرف اور صرف سیاست میں مصروف ہے، عوامی مسائل کو حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، شہر کراچی کی اس سے بڑی بدنصیبی کیا ہوگی کہ عوامی نمائندے ابھی تک عید منا رہے ہیں اور عوام اپنے اپنے گھروں اور علاقوں سے بارش کا گندا پانی نکاسی آب کا مناسب نظام نہ ہونے کی وجہ سے خود نکالنے میں مصروف ہیں۔
اپنے بیان میں یعقوب شہباز نے کہا کہ کراچی میں ہونے والی حالیہ بارشوں نے حکومت اور کے الیکٹرک انتظامیہ کے دعوؤں کی پول کھول دی، شہر کراچی میں ابھی تک بارشوں کا پانی نکاسی آب کا مناسب سٹم نہ ہونے کی وجہ سے ابھی تک شہر کراچی کی مختلف شاہراہوں اور علاقوں میں تالاب کا منظر پیش کر رہا ہے، اس وجہ سے اب شہر بھر میں مختلف وبائی امراض پھیلنے کا شدید خطرہ لاحق ہے۔
یعقوب شہباز نے کہا کہ ملیر، لانڈھی، کورنگی، شاہ فیصل، ناظم آباد، اولڈ سٹی ایریا سمیت کراچی کے دیگر علاقوں میں بارشوں کی وجہ سے پانی سڑکوں پر کھڑا ہے، جس سے اب تعفن اُٹھ رہا ہے اور انتظامیہ سب اچھا ہے کا گیت گا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دوسری جانب کے الیکٹرک انتظامیہ نے بھی اپنے وعدے پورے نہیں کئے، شہر بھر میں بجلی کی آنکھ مچولی بارشوں کے بعد سے ابھی تک جاری ہے، جو شہر کراچی کی عوام کے ساتھ سراسر زیادتی ہے، جس کا حکومت اور کے الیکٹرک انتظامیہ کو جواب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سندھ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ خدارا اپنے اپنے ایئر کنڈیشنڈ کمروں سے باہر آئے اور عوام کی مشکل کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔