پاکستان کا خزانہ لوٹنے والے بڑے بڑے کرپٹ لوگوں کو سزا دینی چاہیئے، یعقوب شہباز
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علماء کونسل سندھ کے نائب صدر و پولیٹیکل سیکرٹری محمد یعقوب شہباز کا کہنا ہے کہ پانامہ کیس پر جی آئی ٹی کی رپورٹ نے ہر پاکستانی کو سوچنے پر مجبور کر دیا ہے کہ اگر ہمارے ملک کے سیاستدانوں کا یہ حال ہے تو پھر اس ملک کا اللہ ہی حافظ ہے، روزانہ کی بنیادوں پر کرپشن کا ایک نیا انکشاف پاکستانی عوام کے سامنے آتا ہے، جس سے عوام میں شدید مایوسی پائی جاتی ہے، جی آئی ٹی کے حوالے سے پاکستان کی اعلیٰ عدلیہ اپنا کردار ادا کرے، تاکہ عوام کی تشویش کا ازالہ ہو سکے۔
اپنے بیان میں یعقوب شہباز نے کہا کہ عدلیہ پر پورے پاکستان کی عوام کو بھروسہ ہے اور پاکستان کے عوام افواج پاکستان اور ملک کے دیگر اداروں پر بھی بھرپور بھروسہ کرتے ہیں، میثاق جمہوریت کے تحت یہ حکومت بھی اپنے پانچ سال پورے کرے گی، آج کل ملک میں جو کچھ ہو رہا ہے، اُس صورتحال میں اُلجھنے سے بہتر ہے کہ عوام پاکستان کی خوشحالی اور ترقی پر توجہ دیں اور ملک میں امن و امان کیلئے اپنی جدوجہد کو جاری رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں یہ سیاست کی رسہ کشی چلتی رہے گی، عوام بے وقوف نہ بنیں، پاکستان کا خزانہ لوٹنے والے بڑے بڑے کرپٹ لوگوں کو سزا دینی چاہیئے، چاہے اُن کا تعلق کسی بھی سیاسی یا مذہبی جماعت سے ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ پانامہ کے حوالے سے شیعہ علماء کونسل مملکت خداداد پاکستان کی خوشحالی و ترقی اور امن و امان کیلئے دعا گو ہے۔