سخت اقدامات کے باوجود دہشتگردی کا جاری رہنا ریاستی اداروں کیلئے چیلنج ہے،سبطین سبزواری
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علما کونسل پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے کہا ہے کہ سخت اقدامات کے باوجود دہشتگردی کا جاری رہنا ریاستی اداروں کیلئے چیلنج ہے، بلوچستان کے علاقے مستونگ میں ہزارہ برادری کے افراد پر دہشتگردانہ حملے سے واضح ہو گیا کہ سکیورٹی اداروں کے اقدامات ناکافی ہیں۔
تعزیتی بیان میں قیمتی جانی نقصان پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئٹہ تا پارا چنار دہشتگرد پھر ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے بدامنی کا بازار گرم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جنہیں روکنا ہوگا اور فیصلہ کن آپریشن کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگرد انسانیت کے دشمن اور خونی درندے ہیں جن کا کسی مذہب و مسلک سے تو دور، انسانیت سے بھی دور کا واسطہ نہیں، معصوم لوگوں کا خون بہانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت اور شہداء کے بلندی درجات کی دعا کرتے ہوئے علامہ سبطین سبزواری نے مطالبہ کیا کہ دہشتگردوں کے سہولت کاروں کیخلاف بھی کارروائی کی جائے، تاکہ دہشتگردی کا جڑ سے خاتمہ کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں سی پیک کی کامیابیوں کے دعوے کرنیوالی حکومت اور اداروں کا ہزارہ برادری کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکامی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، ایک عرصے سے ملت جعفریہ ملک بھر خصوصا پاراچنار، کوئٹہ اور ڈیرہ اسمعٰیل خان میں لاشیں اٹھار ہی ہے مگر بے حس حکومت سے ابھی تک دہشتگردوں کا نیٹ ورک نہیں توڑا جا سکا۔