آرمی چیف ملک بھر میں دہشتگردوں کیخلاف فیصلہ کن کارروائی کریں، علامہ ناظر تقوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علماء کونسل سندھ کے صدر علامہ سید ناظر عباس تقوی نے لاہور میں فیروزپور روڈ پر ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اس واقعے میں شہید اور زخمی ہونیوالے افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں، آج ایک بار پھر دہشتگردوں نے پولیس کے جوانوں کو نشانہ بنایا، جو ایک افسوناک عمل ہے، دہشتگردوں کی ان بذدلانہ کارروائیوں سے ہماری فورسز اور قوم کے حوصلے ہرگز پست نہیں ہونگے، اب حکومت کو ملک بھر سے ان دہشتگردوں کی کمین گاہیں اور نرسریاں ختم کرنے کیلئے بڑا قدم اُٹھانا ہوگا۔ اپنے مذمتی بیان میں علامہ ناظر تقوی نے کہا کہ حکومت مسلسل پاکستان بھر میں قیام امن کے دعوے کرتی نظر آرہی ہے، لیکن آج کی اس کارروائی نے حکومت کے تمام دعوؤں کی قلعی کھول دی۔
علامہ ناظر تقوی نے کہا کہ لاہور جو پاکستان کا دل تصور کیا جاتا ہے، دہشتگردوں نے پھر پاکستان کے دل کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا ہے، ہمارے وزراء صرف بیان پر بیان اور عوام کو جھوٹی تسلیاں دے رہے ہیں، جو افسوسناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی ماہ سے ملک بھر میں امن و امان کی اچھی صورتحال تھی، لیکن اچانک ایک بار پھر دہشتگرد ملک بھر میں سرگرم نظر آتے ہیں، جس سے عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، اگر دہشتگردی کا سلسلہ یونہی جاری رہا تو فورسز کی جانب سے قیام امن کے حوالے سے ملک بھر میں جاری کوششیں کہیں ضائع نہ ہو جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے اپیل کرتے ہیں کہ خدارا اس ملک کو دہشتگردوں سے نجات دلوائیں اور ملک بھر میں دہشتگردوں کے خلاف فیصلہ کُن کارروائی کریں۔