پاکستان افغانستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانے ختم کرنے کیلئے مدد کو تیار ہے،آرمی چیف
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ لاہور دھماکے جیسے واقعات ہمارا عزم متزلزل نہیں کر سکتے، دشمن ممالک کی خفیہ ایجنسیاں دہشتگردی میں ملوث ہیں، عوام کی مدد سے دشمن کے ناپاک عزائم کو شکست دیں گے، عوام مشکوک نقل و حرکت سے سکیورٹی اداروں کو فوری طور پر آگاہ کریں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت لاہور میں اہم سکیورٹی اجلاس ہوا جس میں انہیں لاہور دھماکے اور آپریشن ردالفساد کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، دھماکے میں ہلاک اور زخمی ہونیوالے افراد کے اہلخانہ سے تعزیت کرتے ہوئے آرمی چیف نے واقعے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا۔
جنر ل قمر جاوید باجوہ کا مزید کہنا تھا کہ ایسے واقعات دہشتگردی کی لعنت کو جڑ سے ختم کرنے کے ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتے، ہم دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے تمام ذرائع اور روابط ختم کریں گے، پاک فوج پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، دہشت گردی کیخلاف ہم سب متحد ہوکرلڑے اور اس لعنت کیخلاف جنگ میں کامیابی کیلئے عوام کاتعاون ضروری ہے، عوام مشکوک نقل وحرکت سےسکیورٹی فورسزکو مطلع کریں۔
چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کا مزید کہنا تھا کہ دشمن ممالک کی خفیہ ایجنسیاں پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہیں۔ کابل اور لاہور میں یکے بعد دیگرے دھماکوں سے یہ بات واضح ہے کہ دونوں ممالک دہشتگردی سے یکساں طور پر متاثر ہیں۔ پاکستان افغانستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانے ختم کرنے کیلئے مدد کو تیار ہے۔