سعودی عرب کے نئے دعوے سفید جھوٹ ہیں : قطر
قطر کے ادارہ مواصلات کے ڈائریکٹر شیخ حمد بن سالم آل ثانی نے کہا کہ سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں نے افراد اور اداروں کی جو نئی فہرست شائع کی ہے اور انھیں قطر کے حمایت یافتہ دہشت گرد گروہوں سے وابستہ قرار دیا ہے وہ سفید جھوٹ ہے۔
حمد بن سالم آل ثانی نے کہا کہ یہ ممالک دہشت گردی کے خلاف جنگ کے بجائے قطر کی توہین اور اس کی ساکھ خراب کرنےکی کوشش کر رہے ہیں۔
سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، مصر اور بحرین نے قطر پر دہشت گرد گروہوں کی حمایت کا الزام لگا کر اس پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
ان ملکوں نے حال ہی میں کچھ افراد اور اداروں کی ایک فہرست شائع کرکے اعلان کیا ہے کہ یہ ادارے اور افراد براہ راست یا بالواسطہ طور پر قطر کے حکام سے رابطے میں ہیں اور دہشت گرد گروہوں سے وابستہ ہیں۔ سعودی عرب اور اس کے اتحادی ملکوں کی نئی فہرست میں نو اداروں اور نو افراد کے نام شامل کئے گئے ہیں اور انھیں دہشت گرد قرار دیتے ہوئے ان کا تعلق قطر سے بتایا گیا ہے۔
سعودی عرب اور اس کے اتحادی ملکوں نے قطر کے ساتھ صلح کے لئے اس ملک کے سامنے کچھ شرطیں پیش کی ہیں جن میں قطر میں ترکی کا فوجی اڈہ بند کرنا، اخوان المسلمین سے رابطہ ختم کرنا اور الجزیرہ ٹی وی چینل کو بند کرنا شامل ہے۔ قطر نے ان شرطوں کو مسترد کر دیا ہے۔