مسلم لیگ (ن) کے گارڈ فادر نواز شریف کا شو فلاپ ثابت ہوا، افتخار نقوی
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادار ہ)مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر افتخار حسین نقوی نے لاہور میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے گارڈ فادر نواز شریف کا شو فلاپ ثابت ہوا، سرکاری اہلکاروں اور پٹواریوں کو سڑکوں پر لا کر عوام کو بیوقوف بنانے کوشش عوام نے مسترد کر دی، آل شریف کی بادشاہت کو بچانے کیلئے سرکاری وسائل کے بے دریغ استعمال پر اعلیٰ عدلیہ نوٹس لے، اصل ملین مارچ کا پتہ نااہل حکمرانوں کو تب پتہ چلے گا جب شہداء کے لواحقین انصاف کیلئے گھروں سے نکلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آل شریف اپنے جرائم پر پردہ ڈالنے کیلئے کی ناکام کوشش میں ہیں، پاکستان کے غریب عوام کی خون پسینے کی کمائی لوٹنے والوں کو عوام معاف نہیں کریں گے، ن لیگی گلوں بٹوں نے نااہل گارڈ فادر کی ریلی میں صحافیوں کیساتھ جو سلوک کیا ہے اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، نواز شریف نے آزادی صحافت پر حملہ کرکے ثابت کیا ہے کہ وہ اپنے روحانی و سیاسی باپ جنرل ضیاء کے حقیقی پیرو ہے، دہشتگردوں کے سیاسی سرپرست آج مکافات عمل کا شکار ہیں، لوگوں کو سڑک ناپنے کے طعنے دینے والے آج سادہ کپڑوں میں ملبوس سرکاری اہلکاروں کو لے کر سڑک ناپنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ہمارے شہداء اور سانحہ ماڈل ٹاوُن کے قاتلوں کے چہروں سے جلد نقاب اترنے والی ہے، ان شاءاللہ ہمارے شہداء کے قاتل اس دنیا میں بھی اور آخرت میں بھی رسوا ہونگے، ہم اپنے بے گناہ محب وطن شہیدوں کے لہو کو رائیگان نہیں جانے دینگے، اللہ کا وعدہ ہے کہ ظالم اپنے انجام کو پہنچ کر رہیگا۔