ایم ڈبلیو ایم کے رکن محمد خان کے قتل کا حساب پیپلز پارٹی کے وڈیرے اور اسکے حواریوں کو دینا پڑے گا، علی حسین نقوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مٹیاری کی تحصیل ہالا میں مجلس وحدت مسلمین کے ووٹر محمد خان کا قتل پیپلز پارٹی کے وڈیرے رئیس احمد علی نظامانی اور مقامی انتظامیہ کی ایماء پر کیا گیا، مجلس وحدت مسلمین کے کارکنان سندھ کے عوام پر وڈیرہ شاہی کے جبر و ستم کیخلاف آواز بلند کرتے رہیں گے۔
ایک بیان میں ایم ڈبلیو ایم سندھ کے سیکریٹری سیاسیات علی حسین نقوی نے ہالا میں پیپلز پارٹی کے وڈیرے رئیس احمد علی نظامانی کی ایماء پر قتل ہونے والے مجلس وحدت مسلمین کے کارکن محمد خان کے قتل کی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی غیور عوام وڈیرہ شاہی کیخلاف کھڑی ہو چکی ہے، محمد خان کے بہیمانہ قتل کا حساب پیپلز پارٹی کے وڈیرے اور اس کے حواریوں کو دینا پڑے گا اور محمد خان کے پسماندگان کو انصاف دلانے کے لئے ہم انصاف کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے، اگر ضرورت پڑی تو اس خون ناحق اور ظلم کیخلاف ملک گیر احتجاج بھی کریں گے۔ علی حسین نقوی نے مزید کہا کہ اب بھی وقت ہے پیپلز پارٹی کی قیادت سندھ میں اپنے وڈیروں، ڈاکوؤں اور عوام کا استحصال کرنے والے سرداروں کو لگام ڈالے ورنہ بعید نہیں کہ ان کا حشر نواز شریف سے بدتر نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ محمد خان کے پسماندگان کو انصاف دلانے تک ہم نہ خود چین سے بیٹھیں گے اور نہ ہی سندھ کی افسر شاہی کو چین سے بیٹھنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے وڈیرے آنے والے انتخابات سے قبل اپنے اپنے حلقوں میں عوام کو پولیس اور اپنے غنڈوں کی طاقت کے ذریعے مرعوب کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں، سندھ پولیس اور انتظامیہ نے پیپلز پارٹی کے ان وڈیروں کے اشاروں پر غریبوں پر عرصہ حیات تنگ کر رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے اور کرتے رہیں گے، مگر سندھ میں جاری مجلس وحدت مسلمین کے کارکنان کے خلاف استحصال اور پولیس گردی کو قطعی طور پر برداشت نہیں کریں گے۔