Uncategorized

پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تمام طبقات کو مشترکہ جدوجہد کرنا ہوگی، علامہ ساجد نقوی

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ وطن عزیز اس وقت تاریخ کے انتہائی نازک ترین دور سے گزر رہا ہے۔ ان حالات میں تحریک پاکستان کا جذبہ بیدار کرنے کی ضرورت ہے کہ جب پُرجوش عوامی جدوجہد سے تکمیل پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا، موجود دور میں ملکی بقاء، استحکام اور تعمیر و ترقی کیلئے تمام طبقات کو مل کر سخت محنت اور جدوجہد کرنا ہوگی۔

70 ویں یوم آزادی کی مناسبت سے پیغام میں انہوں نے کہا کہ خارجی محاذ پر مسائل و مشکلات سے زیادہ اہم داخلی بحران اور مسائل ہیں جن میں سرفہرست امن و امان کا مسئلہ ہے، خاص منصوبہ بندی کے تحت ملک کو دہشتگردی اور لاقانونیت کی آگ میں جھونکا جا رہا ہے اور سوچی سمجھی سازش کے تحت مظلوم عوام کا قتل عام بھی جاری ہے۔ تقویٰ الٰہی کی تاکید اور اپنے امور میں نظم پیدا کرنے کی تاکید کرتے ہوئے علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ ارض پاک کو آزاد ہوئے 70 برس ہوچکے ہیں، لیکن اس طویل عرصے کا حساب اور احتساب نہیں کیا گیا کہ کس نے ملک کو کتنا فائدہ پہنچایا اور کس نے ملک کو کتنا نقصان پہنچایا؟ ہمیں یوم آزادی کے موقع پر ان مسائل اور تلخ ماضی سے صرف نظر نہیں کرنا چاہیے، بلکہ مسائل کے حل اور مشکلات کے خاتمے اور درپیش چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے نئے عزم کیساتھ جدوجہد کا آغاز کرنا چاہیے، کیونکہ پاکستان کو ترقی، خوشحالی، استحکام اور مضبوطی تب حاصل ہوسکتی ہے، جب ملک میں عادلانہ نظام کا نفاذ کیا جائے، عدل و انصاف اور جرم و سزا کا قانون رائج کیا جائے، ظلم، ناانصافی، تجاوز، زیادتی اور طبقاتی تفریق کو ختم کیا جائے، توازن کی ظالمانہ پالیسیوں کو ختم کرکے فرقہ وارانہ تشدد اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ٹھوس، موثر، پائیدار اور مستقل اقدامات کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہزاروں عوام کے قاتلوں، مجرموں، دہشتگردوں اور فرقہ پرست جنونیوں کو سرعام تختہ دار پر لٹکایا جائے، ملک میں پارلیمنٹ کو بالادستی اور جمہوری و عوامی اداروں کو تمام اختیارات دیئے جائیں، عدلیہ اور الیکشن کمیشن کو آزاد اور خود مختار بنایا جائے، آئین کا احترام اور قانون کی پابندی کو یقینی بنایا جائے، ملک سے بیروزگاری، رشوت ستانی، جہالت، فحاشی، عریانی، ناانصافی اور بے عدلی کا خاتمہ کیا جائے، اتحاد بین المسلمین اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ تمام طبقات کے درمیان قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی جائے، دور جدید کے تمام سائنسی، علمی، ثقافتی اور ارتقائی تقاضوں کو اسلام اور اسلامی قوانین سے ہم آہنگ کیا جائے۔ علامہ ساجد نقوی نے ڈیرہ اسماعیل خان اور کوئٹہ میں حالیہ دہشتگردی کے سانحات پر دلی دکھ اور گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آپریشن ضرب عضب اور آپریشن ردالفساد کے دوران ایسے سانحات کا وقوع پذیر ہونا افسوسناک ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button