آرمی چیف اور اعلیٰ حکام زائرین کے مسائل کے حل کیلئے مستقل بنیادوں پر اقدام کریں، یعقوب شہباز
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علماء کونسل سندھ کے نائب صدر و پولیٹیکل سیکرٹری محمد یعقوب شہباز نے کہا ہے کہ حکومت کا فرض بنتا ہے کہ وہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے، لیکن مسلسل بلوچستان حکومت زائرین امام حسینؑ کو سیکیورٹی کے نام پر پریشان کر رہی ہے اور یہ عمل گزشتہ کئی سالوں سے جاری ہے، زائرین کی اس طرح تذلیل کسی بھی صورت ناقابل برداشت ہے۔
اپنے بیان میں یعقوب شہباز نے کہا کہ بلوچستان حکومت کا یہ اقدام تعصب پر مبنی نظر آتا ہے، جس سے زائرین میں مایوسی پائی جاتی ہے، اس وقت تین ہزار سے زائد زائرین تافتان بارڈر پر بے یار و مددگار سڑک پر بیٹھے ہیں، جن کی سیکیورٹی کیلئے صوبائی حکومت نے کوئی بھی سنجیدہ اقدام نہیں کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی دہشتگردوں کی جانب سے اسی مقام پر دہشتگردی کے کئی دلخراش سانحات رونماء ہو چکے ہیں، جس میں کئی سو افراد شہید اور زخمی بھی ہوئے، لیکن حکومت ماضی سے بھی سبق نہیں سیکھ رہی۔ ان کہا کہنا تھا کہ اگر زائرین کی جان و مال کو کسی بھی قسم کا نقصان ہوا، تو اس کی ذمہ داری وفاقی اور صوبائی حکومت پر عائد ہوگی، ہم آرمی چیف اور اعلیٰ حکام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ کوئٹہ میں زائرین کے مسائل کے حل کیلئے مستقل بنیادوں پر سیکیورٹی کے اقدام کریں۔