کراچی میں جرائم پیشہ عناصر کیخلاف سخت سے سخت کارروائی کیجائے، یعقوب شہباز
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علماء کونسل سندھ کے نائب صدر و پولیٹیکل سیکرٹری محمد یعقوب شہباز کا کہنا ہے کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم میں اچانک ہونے والا اضافہ شہریوں کیلئے وبال بن گیا ہے، روزانہ کی بنیادوں پر جرائم پیشہ افراد شہریوں کو لاکھوں روپے نقدی اور قیمتی اشیاء سے دن دیہاڑے محروم کر دیتے ہیں اور با آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو جاتے ہیں، قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی اسٹریٹ کر منلز کے آگے بے بس نظر آتے ہیں۔
اپنے بیان میں یعقوب شہباز نے کہا کہ کراچی بھر میں شہری اس وقت جرائم پیشہ افراد کا آسان ہدف بنے ہوئے ہیں، جس سے شہریوں میں احساس محرومی بڑھ رہا ہے، اگر شہر بھر میں اسٹریٹ کرائم کی یہی صورتحال برقرار رہی، تو عوام کا اعتماد قانون نافذ کرنے والے اداروں سے ختم ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے، اگر کراچی میں جرائم کی شرح بڑھے گی، تو سرمایہ کار تشویش میں مبتلا ہوں گے، جو ملک کیلئے کسی بھی صورت اچھا نہیں، لہٰذا ہم قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کریں اور شہریوں کو اس عذاب سے نجات دلائیں۔