اصغریہ علم و عمل تحریک کے زیر اہتمام شجر کاری اور ہیپاٹائٹس سے متعلق آگہی مہم جاری
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) اصغریہ علم و عمل تحریک پاکستان کے مرکزی محلہ سدھار سیکریٹری گل محمد انقلابی نے میرپورخاص ڈویژن کی کابینہ سے ملاقات کی ہے، اس موقع پر اہم فیصلہ جات کئے گئے، جن میں درخت لگانے، مختلف موضوعی بیماریوں ہیپاٹائیٹس وغیرہ سے متعلق لوگوں کو آگاہی دینے کے احکامات جاری کئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق اصغریہ علم و عمل تحریک کے مرکزی رہنما گل محمد انقلابی نے اپنے شعبے کی کارکردگی سے متعلق مختلف ڈویژنز اور اضلاع سے رابطے کرتے ہوئے انہیں فعال بنانے کیلئے احکامات بھی جاری کر دیئے ہیں، اس سلسلے میں میرپورخاص ڈویژن کی کابینہ سے ملاقات کے دوران انہوں نے موسمیاتی تبدیلی اور گرمی کی شدت کے بڑھنے سے معلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر درخت زیادہ سے زیادہ لگائے جائیں تو ماحولیاتی آلودگی سے بچا جا سکتا ہے، اس لئے ہماری ذمہ داری ہے کہ تنظیم کی جانب سے ہر گاؤں اور شہر میں درخت لگائیں اور ان کا دیکھ بھال کریں، تاکہ ماحولیاتی بگاڑ کو روکا جا سکے۔
انہوں نے ہیپاٹائٹس کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ بیماری بہت تیزی سے پھیل رہی ہے، جس کا بنیادی سبب پانی کا صاف نہ ہونا ہے، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ عوام کو صاف پانی مہیا کرے۔ انہوں نے کہا کہ اصغریہ علم و عمل تحریک اپنا قومی فریضہ ادا کرتے ہوئے اپنے یونٹس کی جانب سے مختلف گاؤں اور شہروں میں ایسی محافل، سیشنز اور نشستوں کا انعقاد کریگی، جس میں ان تمام مسائل پر بات چیت کی جا سکے، تاکہ عوام میں ان تمام مسائل سے متعلق آگاہی آسکے۔