جے ایس او لاہور ڈویژن کی جانب سے کراچی میں مردہ باد امریکہ ریلی پر تشدد کی مذمت
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادار ہ)جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان لاہور ڈویژن کے صدر فخر عباس بٹر اور جنرل سیکرٹری توقیر حسین اعوان نے کراچی میں سندھ پولیس کی جانب سے آئی ایس او کے نہتے کارکنوں پر شیلنگ اور لاٹھی چارج کی پُرزور مذمت کی ہے۔ اپنے ایک بیان میں فخر عباس بٹر نے کہا کہ امریکہ مردہ باد ریلی میں شریک طالبات اور نوجوانوں کو تشدد کا نشانہ بنانے سے کراچی، کراچی نہیں بلکہ سری نگر دکھائی دے رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے اس تشدد سے ثابت ہو گیا ہے کہ پیپلزپارٹی کے قول و فعل میں تضاد ہے، کل بلاول بھٹو امریکہ کیخلاف بول رہے تھے اور ادھر عملی طور پر ٹرمپ کیخلاف نکلنے والی ریلی کو روک کر امریکہ سے اپنی وابستگی ظاہر کر دی ہے۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ایوانوں میں بیٹھے استعمار کے ایجنٹوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ ملکی سالمیت اور وطن عزیز کیخلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کیخلاف پوری پاکستانی قوم بلا تفریق مذہب و مکتب، متحد ہے، اگر امریکہ نے پاکستان پر جارحیت کی حماقت کی تو اسے تاریخ میں نہ بھولنے والا سبق سکھا دیں گے، پاکستان عراق یا افغانستان نہیں بلکہ یہ امریکہ کیلئے ویتنام ثابت ہوگا۔