لاہور، مفتی جعفر حسین کی برسی کی مناسبت سے تقریب، علامہ ساجد نقوی کی شرکت
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) قائد ملت جعفریہ مفتی جعفر حسین کی برسی کی مناسبت سے ان کے مزار کربلا گامے شاہ میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستان اسلامی تحریک کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر اپنے مرحوم قائد سے محبت کرنے والوں اور ان کو خراج عقیدت پیش کرنیوالوں کی کثیر تعداد کیساتھ علماء کرام کی بھی اک بڑی تعداد موجود تھی۔
صدر شیعہ علماء کونسل لاھور ملک شوکت علی اعوان، جنرل سیکرٹری لاھور سید جعفر علی شاہ، علامہ وقار حسین نقوی چیئرمین شیعہ شہریان پاکستان، علامہ سید قاضی نیاز حسین جامعہ المنتظر، علامہ سید حافظ کاظم رضا نقوی، علامہ منور علوی، پیر ولی اللّہ بخاری، عاصم مخدوم کل مسالک و علماء بورڈ، سجاد اکبر، قاسم ترابی، مولانا اعجاز نقوی امامیہ کالونی، ریاض علی جعفری اور علامہ طاھرنجفی خطیب کربلا گامے شاہ مسجد بھی موجود تھے۔
علامہ سید ساجد علی نقوی نے قائد مرحوم کی حالات زندگی، قیادت سے متعلق ان کی بصیرت اور درویشی صفات کا تذکرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مفتی جعفر حسین میں حقیقی انسانی صفات موجود تھیں اور وہ انسان کامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ مفتی جعفر حسین نے خود کو فنا فی اللہ کر لیا تھا، ان کے دل میں دنیا کی محبت تھی نہ خدا کے سوا کسی کا خوف، وہ نڈر شخصیت تھے۔ علامہ نیاز نقوی نے کہا کہ علامہ جعفر حسین کی دینی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، انہوں نے نہج البلاغ کا اردو ترجمہ کرکے ایک عظیم کارنامہ سرانجام دیا۔
علامہ حافظ کاظم رضا نقوی نے کہا کہ علامہ مفتی جعفر نابغہ روز گار شخصیت تھے، انہوں نے ملت جعفریہ کیلئے مثالی کام کئے، اگر وہ آج زندہ ہوتے تو ملت جعفریہ پاکستان کی ایک موثر ترین قوت بن چکی ہوتی۔ ملک شوکت علی اعوان اور سید جعفر علی شاہ نے بھی قائد مرحوم کی قیادت پر روشنی ڈالی۔ بعداِزاں مرحوم قائد کی قبرِ اطہر پر علامہ ساجد علی نقوی نے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔