سندھ حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہو چکی ہے، یعقوب شہباز
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علماء کونسل سندھ کے نائب صدر و پولیٹیکل سیکرٹری محمد یعقوب شہباز نے کہا ہے کہ متحدہ رہنماء خواجہ اظہار الحسن پر قاتلانہ حملہ کرکے عید کے روز دہشتگردوں نے ایک بار پھر کراچی کے امن کو تباہ کرنے کی بھرپور کوشش کی، لیکن دہشتگرد اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہو سکے، سندھ حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہو چکی ہے۔
اپنے بیان میں یعقوب شہباز نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ کرنا حکومت کا فرض ہے، جس میں سندھ حکومت مکمل ناکام ہو چکی ہے، سندھ حکومت صرف اخباری بیان تک محدود ہے، جس کو عوام کی جان و مال کی کوئی پرواہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں سے نمٹنے کیلئے حکومت کو بلاتفریق اب سخت ایکشن لینا ہوگا، ورنہ رینجرز اور پولیس کی کاوشوں سے کراچی میں حالیہ قائم ہونے والا امن پھر کہیں خاک میں نہ مل جائے۔