ایم ڈبلیو ایم کے وفد کی آل پاکستان انجمن تاجران کے چیئرمین خواجہ شفیق سے ملاقات
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین کی محرم الحرام سے قبل مذہبی رہنمائوں، علمائے کرام اور سماجی رہنمائوں سے ملاقات کا سلسلہ جاری، ایم ڈبلیو ایم کے وفد نے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی کی قیادت میں آل پاکستان انجمن تاجران کے چیئرمین خواجہ شفیق سے ملاقات کی، ملاقات میں ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سیکرٹری سیاسیات مہر سخاوت علی، شہوار حیدر اور ملک عامر کھوکھر موجود تھے، خواجہ شفیق احمد نے مجلس وحدت مسلمین کے وفد سے ملاقات کے دوران محرم الحرام سے قبل امن اور اتحاد و وحدت کی فضا ہموار کرنے کے لیے ملاقاتوں کو خوش آئند قرار دیا، خواجہ شفیق احمد نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران تاجران کی جانب سے عزاداروں کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا
ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار نقوی نے خواجہ شفیق کی جانب سے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انشاءاللہ گزشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی تمام مذاہب کے علمائے کرام، مذہبی رہنما اور سماجی شخصیات کے ساتھ مل کر جنوبی پنجاب میں امن کے حوالے سے بھرپور کردار ادا کریں گے، محرم الحرام کے دوران انجمن تاجران کی جانب سے تعاون کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے، محرم ہمیں ایک دوسرے کو برداشت، صبر اور بردباری کا درس دیتا ہے۔
صوبائی سیکرٹری سیاسیات مہر سخاوت علی نے کہا کہ ہم محرم الحرام سے قبل ایسی فضا ہموار کرنا چاہتے ہیں جو باقی صوبوں اور اضلاع کے لیے نمونہ عمل ہو، اُنہوں نے کہا کہ انتظامی سطح پر اُن افراد کو نظرانداز کیا جاتا ہے جو عوامی طاقت ہوتے ہیں، مجلس وحدت مسلمین عوامی طاقت کی حامل جماعتوں اور شخصیات کو ساتھ لے کر چلے گی۔